Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اظہر علی کے والد نے دوڑ میں گولڈ میڈل جیت لیا

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اظہر علی کے والد نے شیخوپورہ میں ہونے والی ایک ریس میں گولڈ میڈل حاصل کرلیا ہے۔
سوشل میڈیا پر حافظ محمد عمران نامی صارف نے ایک ویڈیو شئیر کی جس میں قومی کرکٹر اظہر علی کے والد محمد رفیق کو دوڑتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
عمران نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ٹیسٹ کرکٹر اظہر علی کے والد صاحب نے شیخوپورہ میں ہونے والی 21 کلومیٹر کی دوڑ میں گولڈ میڈل حاصل کیا ہے۔‘
ان کا دعویٰ ہے کہ محمد رفیق پاکستان اور دبئی میں میراتھن میں بھی حصہ لے چکے ہیں۔
اپنے والد کے اعزاز حاصل کرنے پر اظہر علی نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’ماشااللہ ابو جی، مجھے آپ کا بیٹا ہونے پر فخر ہے۔‘
اظہر علی اس سے قبل بھی اپنے والد صاحب کے ساتھ جاگنگ کی تصاویر شیئر کرتے رہے ہیں۔ گزشتہ برس ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے انہوں نے لکھا تھا کہ ’ابو اپنی 75ویں سالگرہ اپنے بیٹوں اور پوتوں کے ساتھ ماڈل ٹاؤن پارک میں منا رہے ہیں جہاں وہ روزانہ دوڑ لگاتے ہیں۔‘
ان کا اپنے والد صاحب کے لیے کہنا تھا کہ وہ کھیلوں سے بہت محبت کرتے ہیں۔

شیئر: