Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یمن کے طلبہ میں تعلیمی مواد اور سٹیشنری کی تقسیم

یہ منصوبہ اقوام متحدہ اور یمنی وزارت تعلیم کے تعاون سے ہے۔(فوٹو ایس پی اے)
کنگ سلمان ہیومینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر نے جمعے کو یمن کے عدن گورنریٹ میں بچوں کی تعلیم کے مواقع تک رسائی کے ایک منصوبے کا آغاز کیا ہے۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق یہ منصوبہ اقوام متحدہ کے بچوں کے فنڈ اور یمنی وزارت تعلیم کے تعاون سے ہے۔
اس منصوبے کا مقصد 79 ہزار سے زائد سکول بیگز کو عدن، لہج، الضالع، شبوة، ابين اور حدیدہ کے مختلف سکولوں میں تقسیم کرنا ہے۔
اس کے علاوہ کوویڈ 19 کے خطرے کو کم کرنے کے لیے ایک ہزار 400 سے زیادہ تھرمامیٹرز طلبہ کے لیے ذاتی حفاظتی سامان کے ساتھ تقسیم کیے جائیں گے۔
یمن کے عدن گورنریٹ میں یونیسیف کے ڈائریکٹر چارلس سوزوکی نے کہا کہ ’ہم نے اس تعلیمی سال کے لیے تعلیمی مواد اور سٹیشنری کی تقسیم شروع کر دی ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’ ہم تعلیم کے لیے محفوظ ماحول پیدا کرنے کے مقصد سے کوویڈ 19 کے خلاف ذاتی حفاظتی سامان بھی تقسیم کر رہے ہیں۔ ‘
کنگ سلمان ہیو مینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر اپنے قیام کے بعد سے یمنی بھائیوں کو پناہ، خوراک، ہیلتھ اور تعلیم سمیت مختلف اقسام کی انسانی امداد فراہم کرنے کے لیے کام کر رہا ہے۔
واضح رہے کنگ سلمان ہیومینیٹرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر مئی 2015 میں قائم کیا گیا تھا۔ مرکز نے اب تک دنیا کے 69 ممالک میں مختلف قسم کے 1705 امدادی منصوبے شروع کیے ہیں۔

69 ممالک میں 1705 امدادی منصوبے شروع کیے ہیں۔(فوٹو ایس پی اے)

یہ منصوبے 144 مقامی،علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون سے شروع کیے گئے ہیں۔ ان منصوبوں پر 5.43 بلین ڈالر کی رقم خرچ کی گئی ہے۔
کنگ سلمان ہیو مینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کی حالیہ رپورٹ کے مطابق جن ممالک نے اس مرکز کے منصوبوں سے سب سے زیادہ فائدہ اٹھایا ان میں یمن شامل ہے جہاں3.53 ارب ڈالرکے منصوبے شروع کیے گئے۔
اس کے علاوہ فلسطین میں 363 ملین ڈالر، شام میں 305 ملین ڈالر اور صومالیہ میں 203 ملین ڈالر کے منصوبے شامل ہیں۔
کنگ سلمان ہیو مینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر نے عالمی ادارہ خوراک پروگرام، بچوں کے لیے اقوام متحدہ کے ایمرجنسی فنڈ اور ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی سمیت انسانی حقوق کی تنظیموں کے ساتھ شراکت بھی کی ہے۔
کنگ سلمان ہیومینیٹرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کی جانب سے انسانیت کی خدمت، امدادی اور ترقیاتی سرگرمیوں کے لیے عرب اور دیگر اسلامی ممالک میں کئی منصوبے جاری ہیں۔

شیئر: