Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیراعظم کی کوئی آف شور کمپنی نہیں، پنڈورا پیپرز سے پہلے شہباز گِل کی وضاحت

دنیا بھر کے نامور شخصیات کے مالی امور کی تحقیقات ’پنڈورا پیپرز‘ جاری ہونے سے پہلے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی کوئی آف شور کمنپی نہیں ہے۔
اتوار کو فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ’پرائم منسٹر کی کوئی آف شور کمنپی نہیں ہے اور نہ ہی وہ ایسے کام کرتے ہیں۔‘
شہباز گِل کا کہنا تھا کہ غلط فہمی پیدا کرنے کی کوشش دور کر لیں، ملک میں ایک ہی لوگ ہیں جو باہر کمپنیاں بناتے ہیں اور پھر کہتے ہیں کہ لندن تو کیا پاکستان میں بھی جائیداد نہیں ہے۔
شہباز گِل نے کہا ہے سب کو اپنا جواب خود دینا ہے۔
’وزیراعظم کی اولاد نہیں ہے سارا ملک، اگر کوئی غلط کام کرتا ہے تو اس کی پرورش انہوں نے کہ ہے۔ سب نے اپنے اپنے اعمال کا جواب دینا ہے۔ اگر کوئی وزیر کرپشن کرے گا تو جواب دے گا ، کوئی پی ٹی آئی کا کرے گا وہ بھی جواب دے گا، ن کا کرے گا وہ بھی۔
انہوں نے کہا کہ ہم غلط معلومات کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ ’ایک صحافی نے ان سے سوال کیا کہ وزیراعظم کے گھر کا پتا جو ہے وہ دو زمان پارک ہے اور پوچھا کہ انہوں نے باہر کوئی کمپنی رجسٹر کروائی ہے اور فلاں شخص کے نام پر کروائی ہے۔‘
شہباز گل نے کہا کہ ’جو بات صحافی کو بتائی وہ میڈیا کے ذریعے بتانا چاہتا ہوں کہ زمان پارک ایک ایسی کالونی ہے جس کو دو طرف سے راستہ گیا ہے۔ ایک نہر کی طرف سے اور ایک سندر کی طرف سے۔ ہمارے بہت سے صحافیوں کو یہ لگا کہ شاید یہ ایک ہی گھر ہے یا شاید یہ ایک پلاٹ ہے جس کے دو حصے ہیں۔ یا ایسا پلاٹ جس کے اس طرف سندر اور اس طرف کینال ہے۔‘
’میں واضح کر دو کہ دو مختلف داخلی راستوں کے اوپر دو زمان پارک کے پتے ہیں، مطلب دو گھروں کا ایک ہی پتا ہے اور یہ دونوں گھر ایک دوسرے  سے کم و بیش آدھے سے پونا کلومیٹر دور ہے۔ میں پھر سے دوہرا دوں کہ یہ نہ کبھی اکھٹے تھے،نہ یہ کبھی آگے پیچھے تھے۔‘

شوکت ترین نے تسلیم کیا کہ آف شور کمپنیوں سے ان کا براہ راست یا اپنے خاندان کے افراد کے ذریعے تعلق رہا ہے۔ (فوٹو: ریڈیو پاکستان)

’یہ جن صاحب کے نام کی کمپنیاں ہیں وہ اپنے کاروبار کا خود جواب دیں گے نہ وزیراعظم کی ان سے ملاقات ہوئی، کسی شادی میں ہوگئی ہو، تقریب میں ہوئی ہو، براہ راست ملاقات نہیں ہوئی۔ وزیراعظم ذاتی طور پر ان کو نہیں نہیں جانتے۔‘

آف شور کمپنیوں کے حوالے سے شوکت ترین کا بیان

پاکستان کے وزیر خزانہ شوکت ترین نے ان کی آف کمپنیوں سے متعلق پوچھے گئے سوالات کے جواب میں تسلیم کیا ہے ان کمپنیوں سے ان کا براہ راست یا اپنے خاندان کے افراد کے ذریعے تعلق رہا ہے اور اس کا مقصد اپنے بنک کے لیے سرمانہ جمع کرنا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ’ان کمپنیوں کا مقصد میرے بینک کے لیے سرمایہ کاری تھا۔ہم مشرق وسطیٰ کے ایک گروپ کے ساتھ اپنے بینک کے لیے سرمایہ جمع کرنے کے لیے بات چیت کر رہے تھے۔ مجوزہ سرمایہ کار نے بینک میں سرمایہ کاری کے لیے مرکزی بینک سے اصولی منظوری بھی لی تھی۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ان کمپنیوں کے ذریعے کوئی ٹرانزیکشن نہیں ہوئی اور نہ ہی کسی بینک میں ان کمپنیوں کے اکاؤنٹس کھولے گئے۔
خیال رہے کہ ’پنڈورا پیپرز‘ کی تحقیقات کرنے والے ادارے انٹر نیشنل کنسورشیم آف انوسٹی گیٹو جرنلٹس (آئی سی آئی جے) کا ٹوئٹر پر کہنا تھا کہ ‘جلد ہر کوئی پنڈورا پیپرز کے بارے میں بات کرنے لگے گا۔ ہماری نئی تحقیق، جو کہ مالیاتی رازوں کے بارے میں اب تک کی سب سے مہنگی تحقیق ہے، اتوار کو جاری ہوگی۔  دنیا کے 117 ممالک کے میڈیا کے 150 اداروں کے 600 سے زائد صحافیوں کی رپورٹنگ کے لیے تیار ہو جائیں۔‘
بین الاقوامی تحقیق ’پنڈورا پیپرز‘ ایک کروڑ 19 لاکھ فائلوں پر مشتمل ہیں۔
ذرائع کے مطابق اس تحقیقاتی رپورٹ میں پاکستان کے سینکڑوں افراد کے نام ہے جن میں سیاستدان، بیوروکریٹس اور طاقتور شخصیات شامل ہے۔

’پنڈورا پیپرز پاناما کی طرح شفافیت کے نئے راستے کھولیں گی‘

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ امید ہے کہ پنڈورا پیپرز پاناما کی طرح شفافیت کے نئے راستے کھولیں گی اور کرپشن کی حوصلہ شکنی کا سبب بنے گی۔
اتوار کو ایک ٹویٹ میں  فواد چودھری نے کہا کہ پاناما پیپرز نے دنیا کے بڑے کرپٹ لوگوں کے بیرون ملک چھپائے اثاثوں کو بے نقاب کیا، اب کہا جا رہا ہے کہ آئی سی آئی جے کی ایک اور تحقیق سامنے آ رہی ہے۔
’عمران خان نے امیر ملکوں پر زور دیا ہے کہ غریب ملکوں سے چرایا گیا پیسہ امیر ملکوں میں چھپانے کی حوصلہ شکنی ہونی چاہیے۔‘

 فواد چودھری نے کہا کہ پاناما پیپرز نے دنیا کے بڑے کرپٹ لوگوں کے بیرون ملک چھپائے اثاثوں کو بے نقاب کیا (فوٹو: اے پی پی)

انہوں نے کہا کہ ‏پانامہ کی طرح پنڈورا لیکس میں غریب ممالک کا پیسہ بیرون ملک منتقل کرنے کی تفصیلات آتی ہیں تو اس سے وزیر اعظم عمران خان کے موقف کو مزید تقویت ملے گی۔
خیال رہے پاناما پیپیرز کی تحقیقات بھی آئی سی آئی جے نے کی تھی جس نے دنیا کے مختلف ممالک میں حکومتوں اور طاقتور شخصیات کو ہلا کے رکھ دیا تھا۔
پاکستان کے سابق وزیراعظم نواز شریف کی بھی سپریم کورٹ سے نااہلیت اور بعد میں احتساب عدالت کی جانب سے سزائیں بھی پاناما سکینڈل کے سبب شروع ہونے والے کیسز کا نتیجہ تھی۔
اعداد و شمار کو جمع کرنے اور تعاون کرنے کے حساب سے ’پنڈورا پیپرز‘ پاناما پیپرز سے زیادہ بڑے ہیں جبکہ دنیا کی صحافتی تاریخ میں کسی تحقیق پر کام کرنے والی یہ سب سے بڑی صحافتی ٹیم ہے۔

شیئر: