Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹی 20 ورلڈ کپ: ’پاکستان بمقابلہ انڈیا میچ کے ٹکٹ ایک گھنٹے میں ختم‘

2007 میں فائنل ہارنے کے بعد پاکستانی ٹیم نے 2009 میں ٹرافی اپنے نام کی تھی (فوٹو: ٹی 20 ورلڈ کپ)
شائقین کرکٹ اپنے پسندیدہ کھیل کو لائیو دیکھنے کا کوئی موقع ضائع نہیں جانے دیتے ایسے میں معاملہ ٹی 20 کرکٹ کا ہو تو شائقین مذید کوشش کر کے ٹکٹ حاصل کرنے اور گراؤنڈ پہنچنے کو یقینی بناتے ہیں۔
کچھ ایسا ہی معاملہ ٹی 20 کرکٹ ورلڈ کپ کے میچوں کے ٹکٹوں کی فروخت شروع کرنے کے بعد دیکھنے میں آیا جب پاکستان اور انڈیا کے درمیان ہونے والے میچ کے ٹکٹ ابتدائی چند منٹوں میں ہی فروخت ہو گئے۔
چند روز بعد شروع ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں سخت حریف تسلیم کیے جانے والے پاکستان اور انڈیا کے درمیان میچ 24 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔
ٹی 20 ورلڈ کپ کے میچوں کے ٹکٹ فروخت ہونے اور ٹکٹوں کے حصول میں کامیاب ہونے والوں نے اپنی خوشی کے اظہار کے لیے سوشل ٹائم لائنز کا رخ کیا تو بھرپور طریقے سے اپنے جذبات کا اظہار بھی کیا۔
پاکستان اور انڈیا میچ کے ٹکٹوں کی فوری فروخت کا ذکر ہوا تو کچھ صارفین نے یہ اطلاع بھی دی کہ ورلڈ کپ کے 69 ہزار اور ایک لاکھ 20 ہزار روپے مالیت کے سب سے مہنگے ٹکٹ بھی اوپننگ کے کچھ ہی دیر بعد فروخت ہو گئے۔

پاکستان اور انڈیا کے میچ کے ٹکٹ ہی نہیں، دونوں ٹیموں کے درمیان ہونے والے مقابلے کے لیے بھی شائقین نے ابھی سے اندازے قائم کرنا شروع کر دیے ہیں۔
مختلف صارفین جہاں 2007 اور 2009 ورلڈ کپ کی فاتح پاکستان اور انڈین ٹیموں اور مختلف کھلاڑیوں سے متعلق یادیں تازہ کرتے رہے وہیں کچھ ایسے بھی تھے جو موجودہ ٹیموں میں شامل کھلاڑیوں سے متعلق اپنی توقعات کا تبصروں کا حصہ بناتے رہے۔

ٹی 20 ورلڈ کپ 17 اکتوبر سے 14 نومبر تک کھیلا جائے گا۔ ورلڈ کپ انتظامیہ کی جانب سے ٹکٹوں کی آن لائن فروخت کا اعلان گزشتہ روز کیا گیا تھا۔
2007 میں انڈیا کے مقابلے میں صرف پانچ رنز سے فائنل ہارنے والی پاکستانی ٹیم 2009 میں یونس خان کی قیادت میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا اعزاز اپنے نام کر چکی ہے۔

شیئر: