Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سعودیوں کے نام سے غیرملکیوں کا کاروبار قومی معیشت کےلیے کینسر‘

سعودی حکومت تجارتی پردہ پوشی کی بیخ کنی کے سلسلے میں پرعزم ہے(فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں قائم مقام وزیر اطلاعات ماجد القصبی نے کہا ہے کہ’ تجارتی پردہ پوشی (سعودیوں کے نام سے غیرملکیوں کا کاروبار) کئی عشروں سے قومی معیشت کو کینسر کی طرح تباہ کررہا ہے‘۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق پیر کو سرکاری رابطہ پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ ہمیں حقیقت پسند ہونا چاہئے اور شفاف حقائق رائے عامہ کے سامنے لائے جائیں۔ اعتراف کرتے ہیں کہ سعودی نوجوان بہت سے مواقع گنوا چکے ہیں۔ 
انہوںنے کہاکہ اب سعودی حکومت سنجیدہ اور تجارتی پردہ پوشی کی بیخ کنی کے سلسلے میں پرعزم ہے۔
ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سعودیوں کے نام سے غیرملکیوں کے کاروبار کے انسداد کی کمیٹی اور پروگرام دونوں ترتیب دے چکے ہیں۔ اس پروگرام میں 20 ادارے ایک دوسرے کے تعاون سے تجارتی پردہ پوشی کا انسداد کررہے ہیں۔
قائم مقام وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ سعودی کے نام سے غیرملکی کے کاروبار پر پانچ برس تک قید اور پچاس لاکھ  ریال تک کا جرمانہ مقرر کیا گیا ہے۔ تجارتی پردہ پوشی کے انسداد کے لیے سخت سزا مقرر ہے۔
علاوہ ازیں سعودیوں کے نام سے غیرملکیوں کے کاروبار کا پتہ لگانے کے لیے متعدد طریقے اختیار کیے گئے ہیں۔ پہلی بار مصنوعی ذہانت، گوشواروں کے تجزیے، اقتصادی سرگرمیوں کی نگرانی، دولت اور لیبر دونوں پر نظر رکھنے جیسے طور طریقے اختیار کیے جارہے ہیں۔
انہو ں نے کہاکہ وعدہ کرتاہوں کہ سعودیوں کے نام سے غیرملکیوں کے کاروبار کے انسداد کے سلسلے میں بہت جلد خوش کن منظر نامہ دیکھ سکیں گے۔

شیئر: