Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا میں 15 اکتوبر سے غیرملکی سیاحوں کو آنے کی اجازت دینے کا فیصلہ

انڈین حکومت نے کہا ہے کہ سیاح ابھی صرف چارٹرڈ پروازوں پر انڈیا آسکتے ہیں (فائل فوٹو: ان سپلیش)
ایک سال سے زائد عرصے کے لیے بند رہنے کے بعد انڈیا اب 15 اکتوبر سے سیاحوں کے لیے کھل رہا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق انڈین وزارت داخلہ نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا ہے کہ ’ساری صورت حال کو مدنظر رکھتے ہوئے سیاحتی ویزوں کا اجرا شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ غیرملکی 15 اکتوبر سے چارٹرڈ پروازوں پر انڈیا آسکیں۔‘
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’غیر ملکی سیاح جو چارٹرڈ جہازوں کے علاوہ کسی پرواز پر انڈیا آنا چاہتے ہیں وہ نئے سیاحتی ویزے پر 15 نومبر سے ایسا کرسکیں گے۔‘
واضح رہے کہ انڈیا نے غیر ملکیوں کے تمام ویزوں کو مارچ 2020 میں منسوخ کردیا تھا جب وبا کے آغاز میں حکومت نے سخت لاک ڈاؤن نافذ کیا تھا۔
سفارت کاروں اور کاروباری افراد جیسے کچھ غیر ملکیوں کے لیے بعد میں سفری پابندی ختم کر دی گئی تھی تاہم سیاحوں پر پابندی برقرار تھی۔
رواں سال کے آغاز میں انڈیا کو کورونا وائرس کی خطرناک لہر کا سامنا رہا جس میں متاثرین کے تعداد چار لاکھ تھی اور روزانہ چار ہزار اموات ہو رہی تھیں۔
تاہم اب ایک ارب 30 کروڑ کی آبادی والے ملک میں کورونا وائرس کے کیسز میں کمی آنا شروع ہوگئی ہے۔ روزانہ 20 ہزار نئے کیسز سامنے آرہے ہیں جبکہ یومیہ ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 200 سے 300 کے درمیان ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ انڈیا میں کئی سرگرمیوں پر سے پابندیاں ہٹا لی گئی ہیں۔

شیئر: