Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمر شریف کے انتقال پر انڈین اور عالمی شخصیات کا اظہار افسوس

عمر شریف کی تدفین کراچی میں کی جائے گی (فوٹو: ٹوئٹر)
طویل علالت کے بعد معروف پاکستانی کامیڈین عمر شریف کے جرمنی میں انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد عالمی اور انڈین شخصیات نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔
انڈین کامیڈین کپل شرما نے عمر شریف کے انتقال پر ’الوداع لیجنڈ‘ کہتے ہوئے تبصرہ کیا۔

انڈین اداکارہ، پروڈوسر اور کامیڈین جاوید جعفری نے ’لیجنڈری عمر شریف بھائی کے انتقال‘ کی خبر پر اپنے تاثرات بیان کیے تو ان کے ’منفرد انداز بیان‘ کے ساتھ سماجی اور اخلاقی پہلوؤں کا بھی ذکر کیا۔

انڈین میڈیا انڈسٹری سے وابستہ وکرنت گپتا کا کہنا تھا کہ ’80 اور 90 کی دہائی ان کی تھی۔‘

پاکستان میں جرمن سفیر برنارڈ شلاجک نے عمر شریف کے انتقال پر افسوس کیا تو اسے پاکستانی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے لیے بڑا نقصان قرار دیا۔

انڈین پنجابی سنگر دلیر مہندی نے اپنے ویڈیو میں جہاں عمر شریف سے متعلق یادیں تازہ کیں وہیں وزیراعظم پاکستان عمران خان کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے مرحوم اداکار کے علاج کے لیے کوشش کی۔
بالی وڈ کی متعدد شخصیات نے عمر شریف کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ان سے متعلق اپنی یادیں تازہ کی۔
خاصے عرصے سے طبیعت کی خرابی کا شکار عمر شریف کو ایئر ایمبولینس کے ذریعے علاج کی غرض سے امریکہ لے جایا جا رہا تھا۔ گزشتہ روز ایئر ایمبولینس جرمنی پہنچی تھی جس کے بعد اسے امریکہ کے لیے روانہ ہونا تھا۔ جرمنی میں عارضی قیام کے دوران عمر شریف کی طبیعت بگڑنے پر انہیں انتہائی نگہداشت کے مرکز میں شفٹ کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔
عمر شریف کے صاحبزادے کی جانب سے اپنے والد کی قبر کے متعلق خواہش کے اظہار کے بعد سندھ حکومت نے اعلان کیا ہے کہ کامیڈین کی تدفین ان کی خواہش کے مطابق کراچی میں واقع عبداللہ شاہ غازی قبرستان میں کی جائے گی۔

شیئر: