Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان اور امریکہ کے نقطہ نظر میں ہم آہنگی ہے: امریکی نائب وزیر خارجہ

وینڈی شرمن نے افغانستان سے امریکی اور دیگر شہریوں کے انخلاء کے لیے پاکستان کی معاونت کو سراہا (فوٹو: پاکستانی وزارت خارجہ)
امریکی نائب وزیر خارجہ وینڈی شرمن نے افغانستان میں پرامن تصفیے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’پاکستان اور امریکہ کے نقطہ نظر میں ہم آہنگی موجود ہے۔‘
جمعے کو امریکی نائب وزیر خارجہ وینڈی آر شرمن نے وفد کے ہمراہ پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔
ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، افغانستان اور علاقائی امن سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ امریکی نائب وزیر خارجہ نے بلوچستان میں آنے والے زلزلے اور اس کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
وینڈی شرمن نے افغانستان سے امریکی اور دیگر شہریوں کے انخلاء کے لیے پاکستان کی معاونت اور خطے میں امن کے لیے بروئے کار لائی گئی کوششوں کو سراہا۔
اس موقع پر پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ’ہمیں توقع ہے کہ افغانستان میں نیا سیٹ اپ امن اور استحکام کے ساتھ ساتھ تمام افغان عوام کی بہتری کے لیے کام کرے گا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’افغان عوام کی نمائندہ اور وسیع البنیاد حکومت، بین الاقوامی برادری کے لیے قابل اعتماد شراکت دار ہو سکتی ہے۔‘
شاہ محمود قریشی نے موجودہ صورتحال میں عالمی برادری کے کردار پر اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’عالمی برادری کی جانب سے مثبت شمولیت اور افغان عوام کے مصائب کو دور کرنے کے لیے پائیدار معیشت کی تعمیر کے لیے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے۔‘

امریکی نائب وزیر خارجہ نے موسمیاتی تغیر اور متبادل توانائی کے حوالے سے دو طرفہ مذاکرات میں ہونے والی پیش رفت کو سراہا (فوٹو:پاکستان وزارت خارجہ)

ان کا کہنا تھا کہ ’پاکستان، معاشی تعاون، علاقائی روابط کے فروغ اور خطے میں قیام امن کے لیے امریکہ کے ساتھ وسیع البنیاد، طویل المیعاد اور پائیدار تعلقات کے قیام کا خواہاں ہے۔‘
’پاکستان اور امریکہ کے درمیان باقاعدہ اور منظم ڈائیلاگ کا عمل ہمارے دوطرفہ مفاد کے ساتھ ساتھ مشترکہ علاقائی مقاصد کو فروغ دینے کے لیے بہت ضروری ہے۔‘
امریکی نائب وزیر خارجہ نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان موسمیاتی تغیر اور متبادل توانائی کے حوالے سے دو طرفہ مذاکرات میں ہونے والی پیش رفت کو سراہا۔غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال پر زور دیتے ہوئے وزیر خارجہ نے جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کی اہمیت پر زور دیا۔
واضح رہے کہ امریکی نائب وزیر خارجہ وینڈی شرمن دو روزہ دورے پر پاکستان میں موجود ہیں۔ ان کا یہ دورہ 23 ستمبر 2021 کو نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے موقع پر وزیر خارجہ قریشی اور سیکریٹری اسٹیٹ بلنکن کے درمیان ہونے والی ملاقات کے بعد ہو رہا ہے۔

شیئر: