Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریچھ کے انتہائی قریب تصویر کھینچنے پر امریکی خاتون کو چار دن کی جیل

پارک کے قوانین کے مطابق یہاں آنے والوں کو ریچھ اور بھیڑیوں سے کم از کم 100 گز دور رہنا ہوتا ہے (فائل فوٹو: وکی پیڈیا)
ایک امریکی خاتون کو ایک بھورے ریچھ کے انتہائی قریب جا کر تصویر کھینچنے کی وجہ سے چار دن کے لیے جیل بھیج دیا گیا۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سمانتھا ڈہرنگ بڑے جانور اور اس کے تین بچوں سے چند فٹ کے فاصلے پر رکیں تاکہ وہ مئی میں یلو سٹون نیشنل پارک میں اپنی تصویر کھینچ سکے۔
25 سالہ خاتون دوسرے سیاحوں کے ایک گروپ کے ساتھ وہاں موجود جب تیز دھار پنجوں والا یہ جانور نمودار ہوا۔
جب دوسرے لوگ پارک رینجرز کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے اپنی گاڑیوں کی حفاظت کے لیے پیچھے ہٹ گئے، سمانتھا ریچھ کی طرف گئیں اور تصویر کھینچ لی۔
وومنگ میں جہاں بڑی تعداد میں یہ بھورے ریچھ موجود ہیں، ریاست ہائے متحدہ امریکہ کے قائم مقام اٹارنی باب مرے نے کہا کہ ’بچوں کے ساتھ موجود ریچھ تک جانا بالکل بیوقوفی ہے۔‘
’یلو سٹون نیشنل پارک میں موجود جانور درحقیقت جنگلی ہیں۔ یہ پارک چڑیا گھر نہیں ہے جہاں جانوروں کو باڑ والی دیوار کی حفاظت میں دیکھا جا سکتا ہے۔ وہ اپنے قدرتی رہائش گاہ میں آزادانہ گھومتے ہیں اور جب خطرہ ہوتا ہے تو اس کے مطابق ردعمل ظاہر کرتے ہیں۔‘
پارک کے قوانین کے مطابق یہاں آنے والوں کو ریچھ اور بھیڑیوں سے کم از کم 100 گز دور رہنا ہوتا ہے۔
سمانتھا ڈہرنگ نے اپنا جرم تسلیم کیا اور انہیں چار دن جیل کی سزا کے علاوہ ایک ہزار ڈالر جرمانہ بھی کیا گیا۔

شیئر: