Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات میں سیاحتی ویزے کے لیے چار شرائط کیا ہیں؟

ویزے کی بنیادی شرط چھ ماہ کی بینک سٹیٹمنٹ پیش کرنا ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
متحدہ عرب امارات کی وفاقی اتھارٹی برائے شناخت و شہریت کی جانب سے امارات کے سیاحتی ویزے کے لیے چار شرائط مقرر کی گئی ہیں۔
سیاحتی ویزا پانچ برس کے لیے جاری کیا جائے گا جس کے لیے بنیادی شرط چھ ماہ کی بینک سٹیٹمنٹ پیش کرنا ہے۔ بینک سٹیٹمنٹ میں کم از کم چار ہزار ڈالر یا اس کے مساوی رقم کی ٹرانزکشن دکھائی گئی ہو۔
اماراتی جریدے ’امارات الیوم ‘ کے مطابق بینک ٹرانزکیشن کے علاوہ میڈیکل انشورنس، پاسپورٹ کی کاپی اور کلر فوٹو فراہم کرنا ہوگی۔ 
اتھارٹی کا مزید کہنا تھا کہ سیاحتی ویزا پانچ برس کے لیے کارآمد ہوگا اور مذکورہ شرائط تمام قومیتوں کےلیے یکساں رکھی گئی ہیں۔
جاری کیے جانے والے سیاحتی ویزے سے متعدد بار امارات آیا جا سکتا ہے تاہم اس کے لیے شرط ہے کہ سال میں ایک قیام 90 دن سے زیادہ نہ ہوـ وہ افراد جو اپنا قیام 90 دن سے زیادہ کرنا چاہتے ہیں انہیں چاہے کہ وہ بعدازاں اس میں توسیع کرلیں جو 180 دن سے زائد نہیں ہوگی۔
پانچ برس کے لیے جاری ہونے والے ویزے کا حساب اس دن سے کیا جائے گا جب غیر ملکی امارات میں داخل ہوگا اس دن کے بعد سے پانچ برس کی مدت کا حساب کیا جائے گا۔
ویزے کے حصول کا طریقہ کار بتاتے ہوئے اتھارٹی کا کہنا تھا کہ درخواست گزار ویب سائٹ پر اپنے بارے میں مکمل معلومات فیڈ کرے جن میں نام، والدہ کا نام، ٹیلی فون نمبر، پیشہ اور ای میل ایڈریس شامل ہیں۔ ناقص درخواست کورد کرنے کا اختیار اتھارٹی کے پاس ہوگا۔

شیئر: