Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اوورسیز پاکستانی اب گھر بیٹھے پاور آف اٹارنی دے سکیں گے 

سعودی عرب میں پاور اٹارنی کی کم سے کم فیس 18 ریال جبکہ زیادہ سے 136 ریال ہے (فائل فوٹو: عرب نیوز)
وفاقی کابینہ نے اوورسیز پاکستانیوں کے لیے پاور آف اٹارنی کے اجرا کے لیے آٹو میشن نظام متعارف کرانے کی منظوری دے دی ہے۔  
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت منگل کو ہونے والے کابینہ اجلاس کے دوران کابینہ نے وزارت داخلہ کی سمری کی متفقہ طور پر منظوری دی ہے۔ 
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ ’کابینہ نے سمندر پار پاکستانیوں کی سہولت کے لیے پاور آف اٹارنی کی دستاویزات آن لائن دینے کی منظوری دے دی ہے۔‘  
انہوں نے اس حوالے سے مزید بتایا کہ ’پاور آف اٹارنی جب بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو بنانا ہوتی ہے تو انہیں سفارت خانے جانا پڑتا ہے، ایمبیسی ایک جگہ ہوتی ہے اور اس کے لیے دور تک سفر کرنا پڑتا ہے۔‘
’پاور آف اٹارنی کو آن لائن کر دیا گیا ہے اور اوورسیز پاکستانی گھر بیٹھے اسے حاصل کر سکیں گے، وہاں جو مزدور ہے اس کو پورا دن ضائع کرنا پڑتا ہے اب یہ بہت بڑی سہولت ہے جو تحریک انصاف کی حکومت نے دی ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اب تحریک انصاف کی حکومت میں کابینہ کا کوئی اجلاس ایسا نہیں جس میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی سہولت دینے کے حوالے سے بات نہ کی گئی ہو، اب تک ہزاروں بیرون ملک قیدیوں کو پاکستان واپس لایا گیا ہے، کبھی کسی اور حکومت نے بیرون ملک قید مزدوروں کے بارے نہیں سوچا تھا جو چھوٹے چھوٹے جرائم میں قید تھے۔‘  
پاور آف اٹارنی کا نیا نظام حتمی مرحلے پر پہنچنے پر نادرا اور وزارت خارجہ کے درمیان ایک معاہدہ طے پائے گا جس کے تحت نادرا پاور آف اٹارنی کے لیے ایک پورٹل بنائے گا۔ پاور آف اٹارنی حاصل کرنے کے لیے 25 ڈالر فیس مقرر کی گئی ہے جبکہ یہ فیس آن لائن ہی ادا کی جائے گی۔ 

 ’کابینہ نے سمندر پار پاکستانیوں کی سہولت کے لیے پاور آف اٹارنی کی دستاویزات کو آن لائن دینے کی منظوری دے دی ہے‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی) 

پاور آف اٹارنی کیا ہے؟ 
پاور آف اٹارنی ایک قانون دستاویز ہے جس کے ذریعے ایک فرد کسی دوسرے فرد کو اپنی نمائندگی کا حق دیتا ہے اور ایسا بالخصوص قانونی معاملات یا دستاویزات کی تصدیق وغیرہ کے لیے کیا جاتا ہے۔ 
عموماً بیرون ملک مقیم پاکستانی کسی وکیل سے پاور آف اٹارنی لکھواتے ہیں اور سفارت خانے میں جا کر مجاز افسر کے سامنے اس پر دستخط کرتے ہیں اور پاکستان میں اس کو قانونی حیثیت دینے کے لیے سفارت خانے سے تصدیق کرواتے ہیں۔ 
سعودی عرب میں پاور اٹارنی کی کم سے کم فیس 18 ریال جبکہ زیادہ سے 136 ریال ہے۔ یورپ میں پاور آف اٹارنی کی کم سے کم فیس 16 اور زیادہ سے 48 یورو ، امریکہ میں 8 سے 16 ڈالر، انڈیا میں 300 سے 600 انڈین روپے مقرر ہے۔

شیئر: