Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض میں 15 لاکھ نشہ آور گولیوں کی سمگلنگ کی کوشش ناکام

سعودی محکمہ انسداد منشیات کے ترجمان محمد النجیدی نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے تعاون سے ریاض میں 15 لاکھ سے زیادہ نشہ آور گولیوں کی سمگلنگ کی کوشش ناکام بنائی گئی ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق زکوۃ ٹیکس اور کسٹم اتھارٹی اور محکمہ انسداد منشیات کے اہلکاروں نے اطلاع ملنے پر البطحا چیک پوائنٹ پر ایک ٹرک کو روکا جس میں مکئی کی بوریاں لدی ہوئی تھیں۔ مکئی سے 15 لاکھ 31 ہزار 791 نشہ آور گولیاں برآمد ہوئی ہیں۔ ایک سعودی اورایک شامی کو گرفتار کیا گیا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ہمارے فرض شناس جوانوں نے اپنی قابلیت اور محنت کے بل بوتے پر یہ کارروائی انجام دی ہے۔
ترجمان محمد النجیدی نے بتایا کہ گرفتار کیے جانے والے دونوں ملزمان کے خلاف ابتدائی کارروائی مکمل کرنے کے بعد انہیں پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا گیا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ سمگلنگ کی اس کارروائی کو ناکام بنانے کےلیے متحدہ عرب امارات کے سیکیورٹی اداروں نے تعاون کیا ہے۔
ترجمان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ انسداد منشیات کے اہلکار سعودی عرب کے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کی سرکوبی کرتے رہیں گے۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: