Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکہ میں دو سروں والا کچھوا، جو ایک وقت میں ایک سر پانی سے باہر نکالتا ہے

کچھوے کے خول کے اندر دو معدے ہیں۔ فوٹو: اے پی
امریکہ کی ریاست میساچوسٹس میں حال ہی میں پیدا ہونے والے دو سر والے کچھوے کا معائنہ جاری ہے۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق یہ کچھوا دو ہفتے قبل پیدا ہوا تھا اور اسے برڈزی کیپ وائلڈ لائف سینٹر میں رکھا گیا ہے۔
دو سر والا یہ کچھوا اپنی نوعیت کی کمیاب نسل سے تعلق رکھتا ہے۔
سینٹر میں موجود سٹاف کا کہنا ہے کہ چھ پیر والے اس کچھوے کو خوراک کے طور پر کیڑے اور کھانے کی گولیاں دی جا رہی ہیں۔ اس کے دونوں سر الگ الگ کام کرتے ہیں کیونکہ یہ کچھوا ہوا کے لیے ایک وقت میں ایک ہی سر پانی سے اوپر نکالتا ہے۔
اس کے علاوہ، کچھوے کے خول کے اندر دو معدے ہیں جو اس کے جسم کے دونوں حصوں کو خوراک پہنچاتے ہیں۔
اس کچھوے کا تعلق میساچوسٹس میں سمندر کے قریب واقع گاوں ویسٹ بارن سٹیبل سے ہے۔ محققین کا کہنا ہے کہ وہ مقام کچھوے کے لیے خطرناک تھا اسی لیے اس کو وہاں سے منتقل کردیا گیا۔
'کیپ کوڈ ٹائمز' نامی اخبار کے مطابق جب یہ کچھوے اپنے انڈوں سے نکلتے ہیں تو انہیں معائنے کے لے مختلف سینٹرز منتقل کر دیا جاتا ہے۔ اس کے بعد انہیں پانی کے چشمے میں چھوڑ دیا جاتا ہے۔
سینٹر میں موجود جانوروں کی ڈاکٹر پریا پٹیل اور دیگر عملہ اس کچھوے کا معائنہ جاری رکھے گا۔
انہوں نے اس کا نام میری کیٹ اینڈ ایشلی اولسن رکھا ہے، جو کہ دو مشہور اداکار بہنوں کے نام ہیں، جو جڑواں ہیں۔
توقع ہے کہ سٹاف اس کا سی ٹی سکین کرے تاکہ ان کے جسم میں خون کے نظام کے بارے میں مزید تفصیلات حاصل کی جا سکیں۔

شیئر: