ریاض کے پہاڑی علاقے میں حادثہ، 4 ہلاک 5 زخمی
اتوار 17 اکتوبر 2021 23:57
زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ہسپتال منتقل کردیا گیا- (فوٹو عاجل)
ریاض کے شمال مغربی علاقے کی پہاڑی شاہراہ کی بلندی سے دو گاڑیاں نیچے کھائی میں جا گریں جس میں سوار 4 افراد ہلاک جبکہ 5 شدید زخمی ہوگئے-
عاجل نیوز نے محکمہ شہری دفاع کے حوالے سے مزید کہا ہے کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی شہری دفاع کے امدادی یونٹس جائے وقوعہ پر پہنچ گئے-
امدادی یونٹس میں فضائی ایمبولینس بھی شامل تھی- حادثے میں زخمی ہونے والے پانچوں افراد کو فوری طورپر ایئر ایمبولینس کے ذریعے ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ہسپتال منتقل کردیا جبکہ ہلاک ہونے والے چار افراد کی نعشوں کو سرد خانے میں رکھوا دیا گیاـ
شہری دفاع کے ریجنل ترجمان کا کہنا ہے کہ علاقے میں سفر کرنے والے شہری اور مقیم غیر ملکی خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کریں-
دریں اثنا سبق نیوز کے مطابق ریاض کے مغربی سمت میں واقع مرکز سدوس جہاں المناک حادثہ پیش آیا کو اہل علاقہ ’دنیا کا اختتام‘ کہتے ہیں- یہ انتہائی خطرناک پہاڑی چوٹی ہے جس کی بل کھاتی سڑک پر ڈرائیونگ بے حد محتاط رہتے ہوئے کی جانی چاہئے-
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں