عریبیئن گلف کپ: سعودی عرب فائنل میں، قطر کو پنالٹی شوٹ آؤٹ میں شکست
سعودی گول کیپر محمد العویس نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کی قومی فٹبال ٹیم عریبیئن گلف کپ کے فائنل میں پہنچ گئی۔ پنالٹی شوٹ آؤٹ پر 3-2 سے شکست دی۔
خلیجی کپ کے پہلا سیمی فائنل سنیچر کو جدہ کے کنگ عبداللہ سپورٹس سٹی سٹیڈیم میں کھیلا گیا۔ مقررہ وقت میں میچ برابر رہا اور کوئی ٹیم گول سکور نہیں کر سکی۔
سیمی فائنل دیکھنے کے لیے سٹیڈیم میں 51 ہزار 342 افراد موجود تھے۔ فائنل میں سعودی عرب کا مقابلہ دوسرے سیمی فائنل کی فاتح ٹیم سے ہوگا۔ یہ میچ متحدہ عرب امارات اورعمان کے درمیان کھیلا جا رہا ہے۔
سیمی فائنل میں سعودی ٹیم نے جارحانہ کھیل پیش کیا اور ابتدا سے میچ پر گرفت برقرار رکھی۔ سعودی ٹیم کا گیند پرکنٹرول 53 فیصد جبکہ قطر کا 47 فیصد رہا۔
سعودی ٹیم نے گول کرنے کی کئی کوششیں کیں لیکن کامیابی نہیں مل سکی۔ سعودی ٹیم کو مجموعی طور پر پانچ کارنر ملے جبکہ قطری ٹیم ایک کارنر حاصل کر سکی۔

میچ برابر ہونے پر پنالٹی شوٹ پر میچ کا فیصلہ ہوا۔ سعودی گول کیپر محمد العویس نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور دو پنالٹی بچائیں۔
سعودی عرب کی ٹیم گول کیپر محمد العویس، ڈیفنڈر متعب الحربی، جھاد ذکری، عبدالالہ العمری، محمد محزری، مڈ فیلڈ صالح ابوالشامات، محمد کانو، ناصر الدوسری، فارورڈ ھمام الھمامی، فراس البریکان اور سلطان مندش پر مشتمل تھی۔

یاد رہے سعودی ٹیم نے گروپ اے میں تینوں میچ جیت کر نو پوائنٹس کے ساتھ سیمی فائنل میں جگہ بنائی تھی جبکہ قطر گروپ بی میں سات پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا تھا۔
