Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آریان خان کی درخواست ضمانت ایک بار پھر مسترد

آریان خان کی درخواست ضمانت پر آج بدھ کو سماعت ہوگی (فوٹو: اے ایف پی)
ممبئی کی سپیشل کورٹ نے شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی درخواست ضمانت ایک بار پھر مسترد کر دی ہے۔
انڈین نیوز چینل انڈیا ٹو ڈے کے مطابق بدھ کو عدالت نے سماعت کے دوران آریان خان کے ساتھ ارباز مرچنٹ اور منمن ڈمیچا کی ضمانت کی درخواست کو بھی مسترد کر دیا۔
آریان خان کے وکلا نے ضمانت کے لیے اب ممبئی ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔ آریان خان 18 روز سے جیل میں ہیں اور اب انہیں ایک بار پھر جیل میں ہی رہنا ہوگا۔
قبل ازیں انڈین اخبار انڈیا ٹو ڈے نے بتایا تھا کہ نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کو کروز پارٹی کے دوران آریان خان کی بالی وڈ میں قدم رکھنے کے لیے تیار اداکارہ کے ساتھ مبینہ طور پر منشیات کے بارے میں چیٹ ملی ہے اور یہ چیٹ میسیجز بدھ کو آریان خان کی درخواست ضمانت پر سماعت کے موقع پر عدالت میں جمع کرا دیے گئے ہیں۔
انڈیا ٹو ڈے ٹی وی کو ’ایکسکلیوسو‘ معلومات موصول ہوئی ہیں کہ این سی بی کو بالی وڈ انڈسٹری میں اینٹری دینے کے لیے تیار اداکارہ کی آریان خان کے ساتھ چیٹ ملی ہے جس میں وہ دونوں بظاہر دو اکتوبر کو ممبئی کی کروز پارٹی کے دوران منشیات کے بارے میں بات چیت کر رہے تھے۔
آریان خان کی کچھ منشیات فروشوں کے ساتھ چیٹ بھی عدالت میں جمع کرا دی گئی ہے۔
یاد رہے کہ جمعرات کو ممبئی کی سیشن عدالت نے بالی وڈ سپر سٹار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کے خلاف منشیات کیس میں درخواست ضمانت پر فیصلہ 20 اکتوبر تک محفوظ کیا تھا۔

ممبئی کی سیشن عدالت نے آریان خان کے خلاف منشیات کیس میں درخواست ضمانت پر فیصلہ 20 اکتوبر تک محفوظ کر لیا تھا۔ (فوٹو: بالی وڈ لائف ڈاٹ کام)

انڈین ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق جمعرات کو سماعت کے دوران نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے عدالت کو بتایا تھا کہ ’شواہد سے معلوم ہوا ہے کہ آریان خان باقاعدگی سے منشیات لیتے تھے، انہیں ضمانت نہیں ملنی چاہیے۔‘
نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے عدالت کو یہ بھی بتایا کہ ’اگر آریان خان کے روابط ثابت ہو گئے تو انہیں لمبے عرصے کے لیے سزا مل سکتی ہے۔‘
اس سے قبل ممبئی کی سیشن عدالت نے بدھ کے روز آریان خان کی منشیات کیس میں درخواست ضمانت پر سماعت جمعرات تک ملتوی کر دی تھی۔
شاہ رخ خان کے بیٹے کو 2 اکتوبر کو ممبئی کے ساحل پر ایک کروز شپ پر ہونے والی پارٹی کے دوران پڑنے والے چھاپے میں حراست میں لیا گیا تھا۔ نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے اس چھاپے کے دوران 10 افراد کو حراست میں لیا تھا۔ انڈین میڈیا کے مطابق ان پر ڈرگز خریدنے، رکھنے اور استعمال کرنے جیسے الزامات ہیں۔

شیئر: