Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جنوبی افریقہ میں ہاتھیوں نے شکاری کو روند ڈالا

پارک کے ترجمان کے مطابق کسی بھی جانور کو نقصان پہنچانے سے پہلے ایک ہاتھی نے ایک شکاری کو روند ڈالا جبکہ باقی شکار بھاگ گئے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
جنوبی افریقہ کے مشہور کروگر نیشنل پارک کے ایک ترجمان کے مطابق پارک میں ایک ہاتھی نے شکاری کو روند ڈالا۔
جمعے کو پارک کے ترجمان اسحاق پھالا نے فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ ’جمعرات کو غیر قانونی شکار کے خلاف ایک انٹیلیجنس آپریشن کے دوران ایک مسخ شدہ لاش ملی۔‘
ان کا کہنا ہے کہ کسی بھی جانور کو نقصان پہنچانے سے پہلے ایک ہاتھی نے ایک شکاری کو روند ڈالا جبکہ باقی شکاری بھاگ گئے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوتا ہے کہ مقتول کو ہاتھی نے مارا اور  ساتھیوں نے ان کو چھوڑ دیا۔
پارک کے ترجمان کے مطابق رینجرز نے مبینہ شکاری کا موبائل فون پولیس کے حوالے کیا ہے تاکہ ان کے دیگر ساتھیوں کا سراغ لگایا جاسکے۔
گذشتہ برس کروگر ہی میں شیروں نے ایک شکاری کو مار دیا تھا۔ مقتول کے ساتھیوں نے ایک ایمرجنسی ہاٹ لائن پر شکاری کی گمشدگی کی اطلاع دی تھی۔
کروگر نیشنل پارک کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سر کے علاوہ شیروں نے شکاری کو مکمل کھا لیا تھا اور اس کی لاش تین دن بعد ملی تھی۔

کروگر نیشنل پارک میں پیٹرولنگ کی وجہ سے غیر قانونی شکار میں کمی ہوئی ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

کروگر نیشنل پارک میں خاص طور پر گینڈوں کے غیر قانونی شکار کی وجہ سے اس کی آبادی متاثر ہوئی ہے۔ پارک نے فروری میں رپورٹ کیا تھا کہ گذشتہ ایک دہائی میں گینڈوں کی آبادی ستر فیصد کم ہو کر چار ہزار سے بھی کم رہ گئی ہے۔
پارک کے ترجمان اسحاق پھالا نے مزید کہا کہ پارک گذشتہ دو برسوں میں جنگی جرائم کے خلاف کریک ڈاؤن کرنے میں کامیاب رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نئی ٹیکنالوجی اور پیٹرولنگ میں اضافے کی وجہ سے بھی مشتبہ شکاریوں کو پکڑنے میں مدد ملی۔
ان کا کہنا تھا کہ گذشتہ برس کے مقابلے میں جانوروں کے غیرقانونی شکار میں 37 فیصد کمی دیکھی گئی۔

شیئر: