Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سب سے بڑا ٹاکرا: گوتم گمبھیر کے پسندیدہ پاکستانی کھلاڑی کون؟

گوتم گمبھیر کا کہنا تھا کہ ’مجھے حیدر علی بھی پسند ہیں کیونکہ وہ ایک تباہ کن بیٹسمین ہیں اور وہ گیم چینجر ہو سکتے ہیں۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا اور پاکستان کے درمیان ٹی 20 ورلڈ کپ کے پہلے میچ سےقبل ہی کرکٹ کے ماہرین نے پیشن گوئیاں شروع کر دی ہیں اور یہ بات چیت بھی کی جا رہی ہے کہ کونسا بولر اور بیٹسمین دوںوں ٹیموں کی جیت میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
اس حوالے سے انڈیا کے سابق اوپنر گوتم گمبھیر نے کرک انفو کو بتایا کہ ان کے خیال میں پاکستان کی طرف سے فخر زمان کو ون ڈاؤن بیٹنگ کرنی چاہیے کیونکہ وہ بائیں ہاتھ کے بلے باز ہیں۔
پاکستان کے نوجوان کھلاڑی حیدر علی کے بارے میں گوتم گمبھیر کا کہنا تھا کہ ’مجھے حیدر علی بھی پسند ہیں کیونکہ وہ ایک تباہ کن بیٹسمین ہیں اور وہ گیم چینجر ہو سکتے ہیں۔‘
’لیکن میرے خیال میں وہ (پاکستان) حفیظ اور شعیب ملک کو کھلائیں گے۔‘
متحدہ عرب امارات اور خصوصاً دبئی کے حوالے سے کہا جاتا ہے کہ یہاں کی پچز پر سپنرز زیادہ کامیاب رہتے ہیں اور پاکستان کے سکواڈ میں شاداب خان، محمد نواز اور عماد وسیم جیسے خطرناک اسپنرز موجود ہیں۔
تاہم گوتم گمبھیر کہتے ہیں کہ پاکستان کے پاس اب اتنا مضبوط سپن اٹیک موجود نہیں۔
ان کے مطابق ٹی 20 فارمیٹ کے چار منجھے ہوئے ترین سپنرز ورن چکراورتھی، روی چندرن ایشن، رویندر جڈیجہ اور راہل چرن انڈیا کے پاس ہیں۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے بھی اپنے بولرز سے بڑی امیدیں وابستہ کر رکھی ہیں۔
بابر اعظم کہہ چکے ہیں کہ ’ہر ٹیم کی اپنی طاقت ہوتی ہے اور شروع سے ہی ہماری بولنگ کافی مضبوط رہی ہے اور جب بھی آپ کوئی بڑا ایونٹ جیتتے ہیں تو وہ بولرز ہی جتواتے ہیں۔‘
آج شام سات بجے دبئی کے انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستان اور انڈیا کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔ اس سے قبل دونوں ٹیمیں ٹی 20 ورلڈ کپ میں پانچ مرتبہ ٹکرائی ہیں اور ہر مرتبہ کامیابی انڈیا کے نام رہی ہے۔

شیئر: