Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈین ریاست تری پورہ میں مساجد پر حملے، سکیورٹی فورسز تعینات

بنگلہ دیش میں ہندوؤں پر تشدد کے واقعات پر انڈیا میں فسادات شروع ہو گئے ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)
بنگلہ دیش میں ہندوؤں کے خلاف ہونے والے پرتشدد واقعات کے نتیجے میں انڈیا کی شمال مشرقی ریاست تری پورہ میں دائیں بازو کی جماعتوں کی جانب سے مسلمانوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے جس کے بعد مسجدوں کی حفاظت کے لیے سکیورٹی فورسز کو تعینات کردیا گیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق حکام نے ریاست کے شمالی حصوں میں حالات کشیدہ ہونے کے باعث چار سے زیادہ افراد کے اکٹھا ہونے پر پابندی عائد کردی ہے، جبکہ پولیس نے اشتعال انگیز پیغامات پھیلانے والوں کو خبردار کیا ہے۔
ریاست تری پورہ کی بنگلہ دیش کے ساتھ 850 کلو میٹر طویل سرحد ہے۔
خیال رہے کہ رواں ماہ بنگلہ دیش میں ایک مندر میں توڑ پھوڑ کے واقعے کے ردعمل میں سات افراد ہلاک ہوئے تھے۔
ایک ہندو تہوار کے دوران اس مندر میں ہونے والی تقریب میں ہندو دیوتا کے گھٹنے پر قرآن رکھا گیا تھا جس کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد بنگلہ دیش کے 12 اضلاع میں فسادات شروع ہوگئے تھے۔
ریاست تری پورہ میں انتہا پسند وشوا ہندو پریشد گروہ کی ریلی کے دوران چار مساجد اور مسلمانوں کی دکانوں اور گھروں کی توڑ پوڑ کی گئی تھی جس پر حکومت نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ 
خیال رہے کہ ریاست تری پورہ میں وزیراعظم نریندر مودی کی جماعت بھارتیا جنتا پارٹی کی حکومت ہے۔
انڈین حکومت نے تری پورہ میں ہونے والے حملوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
 

شیئر: