Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹی 20 ورلڈکپ: ویسٹ انڈیز نے بنگلہ دیش کو تین رنز سے شکست دیدی

بنگلہ دیش کے مہدی حسن اور کپتان محمد اللہ ویسٹ انڈیز کے کھلاڑی کو آؤٹ کرنے کے بعد خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے شارجہ میں کھیلے گئے گروپ ون کے میچ میں ویسٹ انڈیز نے بنگلہ دیش کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد تین رنز سے شکست دیدی ہے۔
مسلسل تیسرا میچ ہارنے کے بعد بنگلہ دیش کی ٹیم ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی ہے۔
شارجہ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے ویسٹ انڈیز کو بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔
ویسٹ انڈیز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 142 رنز بنائے اور بنگلہ دیش کو جیتنے کے لیے 143 رنز کا ہدف دیا۔
ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی ٹیم مقررہ اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 139 رنز بنا سکی۔ میچ کی آخری گیند پر بنگلہ دیش کو جیت کے لیے چار رنز درکار تھے تاہم محموداللہ چوکا لگانے میں کامیاب نہ ہو سکے۔
بنگلہ دیش کے لٹن داس نے 43 گیندوں پر 44 رنز بنائے۔
قبل ازیں ویسٹ انڈیز کی ٹیم کی اننگز کا آغاز بھی خراب ہوا اور پہلی وکٹ 12 کے مجموعی سکور پر گری جب اوپنر ایون لوئس آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد کرس گیل بھی چار رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
32 کے مجموعی سکور پر ویسٹ انڈیز کی تیسری وکٹ شمرون ہٹمیئر کی صورت میں گری۔ کیورن پولارڈ ریٹائرڈ ہرٹ ہو کر پویلین گئے تو ویسٹ انڈیز کا سکور 62 رنز تھا۔ ان کے بعد آنے والے آندرے رسل بغیر کوئی رنز بنائے رن آؤٹ ہو گئے جبکہ روسٹون چیز نے 39 رنز سکور کیے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے نکولس پورن نے 22 گیندوں پر 40 رنز کی اننگز کھیلی۔
دونوں ٹیمیں اس وقت گروپ ون میں سب سے نچلی پوزیشنز پر ہیں۔
بنگلہ دیش کی ٹیم اب تک ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں کوئی میچ نہیں جیت سکی۔ سری لنکا اور انگلینڈ کے خلاف ٹیم کی کارکردگی غیرمتاثر کن رہی۔
دوسری جانب ویسٹ انڈیز کی ٹیم جو دفاعی چیمپیئن بھی ہے، گروپ ون میں اپنے پہلے دونوں میچز ہار چکی ہے۔
جنوبی افریقہ اور انگلینڈ کی ٹیموں نے ویسٹ انڈیز کو شکست سے دوچار کیا۔
ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کے درمیان اب تک کُل 12 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جا چکے ہیں جن میں سے چھ ویسٹ انڈیز جبکہ پانچ بنگلہ دیش نے جیتے۔ ایک میچ کا نتیجہ نہیں نکل سکا۔
بنگلہ دیش کی ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے پہلے مرحلے کے میچ میں سکاٹ لینڈ کے ہاتھوں بھی شکست ہو چکی ہے۔

شیئر: