Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چین میں کورونا کے نئے کیسز سے نمٹنے کے لیے پروازیں، شادی کی تقریبات منسوخ

چین میں کورونا وائرس سے متاثر افراد کی تعداد کئی ممالک کے مقابلے کم ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
بیجنگ میں حکام نے رہائشیوں کو شادی کی تقریبات ملتوی کرنے اور آخری رسومات مختصر رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
چین میں ونٹر اولمپکس سے قبل حکام کورونا وائرس کو قابو کرنے کے لیے سخت اقدامات کر رہے ہیں۔
دنیا کے سب سے گنجان آباد ملک چین میں حکام نے سرحدیں بند کرکے، ٹارگٹڈ لاک ڈاؤن اور طویل مدتی قرنطینہ کے ذریعے کورونا وائرس کی وبا پر قابو پا کر وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد کم کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔
تاہم خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق چین میں اب سیاحتی علاقوں میں وائرس کے کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اس وجہ سے حکام نے لاکھوں افراد کو گھر میں رہنے اور ٹیسٹنگ میں اضافے کی ہدایات کی ہیں اور اور بین الصوبائی سفر پر بھی پابندی عائد کی ہے۔
چین میں کورونا وائرس سے متاثر افراد کی تعداد دوسرے کئی ممالک کے مقابلے کم ہے۔ جمعے کو ملک میں 48 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی جس سے گذشتہ ہفتے میں متاثرین کی کُل تعداد تقریباً 250 تک پہنچ گئی۔
اس کے باوجود حکام نے احتیاطی تدابیر اپنانے کا فیصلہ کیا ہے اور چند نئے کیسز سامنے آنے کے بعد حکام نے ونٹر اولمپکس کی میزبانی کرنے والے شہر بیجنگ میں ہزاروں افراد کو لاک ڈاؤن میں رکھا ہے۔
شہر کے ڈزیز کنٹرول سینٹر کے نائب سربراہ پینگ زنگہو نے جمعے کو ایک پریس کانفرنس میں شہریوں کو شادی کی تقریبات ملتوی کرنے، آخری رسومات مختصر رکھنے اور غیر ضروری اجتماعات سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

بیجنگ میں میڈیکل سینٹرز کے باہر لوگوں کی لمبی قطاریں بھی نظر آئیں۔ فائل فوٹو: اے ایف پی

کورونا وائرس کی روک تھام کے نئے اقدامات کی تیاری کے لیے بیجنگ بھر میں میڈیکل سینٹرز کے باہر لوگوں کی لمبی قطاریں بھی نظر آئیں۔
سافٹ ویئر ڈیولپر توُ اینگلنگ، جن کی عمر 24 سال ہے، نے اے ایف پی کو بتایا کہ انہیں نینجنگ شہر تک جانے کے لیے ٹرین میں بیٹھنے کے لیے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کی ضرورت تھی۔
’پہلے میں نے دوستوں سے یہاں (بیجنگ میں) ملنے کی کوشش کی لیکن حالیہ پھیلاؤ کے باعث کئی نے اچانک کہا کہ وہ نہیں آئیں گے۔‘
چین کے کئی علاقوں میں مسافروں کو منفی کورونا وائرس ٹیسٹ دکھانے کا کہا جا رہا ہے، خاص طور پر ان شہروں سے آنے والے افراد جہاں حال میں کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔
کئی افراد نے اے ایف پی کو بتایا کہ انہیں اکیڈمک یا پروفیشنل امتحانات کے لیے بھی کورونا وائرس کے ٹیسٹ کی رپورٹ درکار ہے۔
ٹریکنک پلیٹ فارم فئیچانگ ژہن کے مطابق جمعے کو بیجنگ کے دو ہوائی اڈوں پر تقریباً نصف پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔
جمعرات کو ریل حکام نے بیجنگ جانے والی دو تیز رفتار ٹرینوں کو روک کر تقریباً 450 مسافروں کو ٹیسٹ کروانے کے لیے واپس بھیج دیا کیونکہ ٹرین عملہ کے حکام کا کورونا متاثرہ افراد سے سامنا ہو گیا تھا۔

شیئر: