Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ سلمان نے قومی آٹزم سروے کی منظوری دے دی

آئندہ سال کے آخر تک اس پالیسی کو بتدریج نافذ کیا جائے گا۔ (فوٹو عرب نیوز)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے قومی سطح پر آٹزم سپیکٹرم ڈس آرڈر سروے کرانے کے لیے سعودی پالیسی کی منظوری دے دی ہے۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سعودی ہیلتھ کونسل کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر نہار بن مزکی العاظمی نے کہا  ہےکہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے سعودی ہیلتھ کونسل کے تجویز کردہ فیصلوں کی منظوری صحت کے شعبے میں مملکت کی دلچسپی اور صحت کی سطح اور خدمات کے معیار بہتر بنانے کے لیے صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کا ثبوت ہے۔
ڈاکٹر نہار العاظمی نے مزید کہا ہےکہ قومی سطح پر سروے کی پالیسی صحت کے شعبے اور متعلقہ حکام کے ساتھ ہم آہنگی کے ساتھ مملکت میں ترقیاتی اور طرزعمل کی خرابی کے شکار لوگوں کے لیے وقف خدمات کو منظم کرنے اور قانون سازی کے فریم ورک کے اندر آتی ہے۔
پالیسی کا مقصد بنیادی صحت کی دیکھ بھال میں آٹزم سپیکٹرم ڈس آرڈر(نفسیاتی خلل) کا جلد پتہ لگانے کے لیے منظم طریقہ کار کو نافذ کرنا اور قومی سروے اور صحت کی تعلیم کے ذریعے دیکھ بھال کو بڑھانے کے طریقے تلاش کرنا ہے۔
ڈاکٹرنہار نے مزید کہا کہ یہ فیصلہ صحت کے ان شعبوں کو پابند کرتا ہے جو خصوصی بچوں کے لیے صحت کی سہولیات فراہم کرتے ہیں۔
آئندہ سال کے آخر تک اس پالیسی کو بتدریج نافذ کیا جائے گا اور آٹزم سپیکٹرم ڈس آرڈر کی تمام تشخیص قومی سطح پر سعودی ہیلتھ کونسل میں رجسٹر کی جائیں گی۔
 

شیئر: