Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نمیبیا کو شکست، پاکستان ٹی20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچ گیا

بابر اعظم اور محمد رضوان کے درمیان پہلی وکٹ کی شراکت میں 113 بنے (فوٹو: اے ایف پی)
ٹی 20 ورلڈ کپ کے 31 ویں میچ میں پاکستان نے نمیبیا کو 45 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔
نمیبیا کے خلاف کامیابی کے بعد پاکستان ٹی20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے اور مجموعی طور پر پاکستان نے پانچویں مرتبہ آئی سی سی ورلڈ ٹی20 کے سیمی فائنل میں جگہ بنائی ہے۔
منگل کو ابو ظبی کے شیخ زاید سٹیڈیم میں 190 رنز کے تعاقب میں نمیبیا کی ٹیم پانچ وکٹوں کے نقصان پر 144 رنز بناسکی۔
نمیبیا کی جانب سے ڈیوڈ ویزے نے سب سے زیادہ 43 رنز بنائے، کریک ولیمز نے 40 اور سٹیفن بارڈ نے 29 رنز کی اننگز کھیلی۔
پاکستان کے خلاف نمیبیا نے اپنی اننگز کا آغاز کیا تو دوسرے ہی اوور میں وان لنگن کو حسن علی نے بولڈ کردیا۔
اس کے بعد سٹیفن بارڈ اور گریک ولیز کے درمیان 47 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ بارڈ 29 رنز بنا کر رن آوٹ ہوگئے۔
پاکستان کی جانب سے حسن علی، عماد وسیم، حارث رؤف اور شاداب خان نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا جبکہ شاہین شاہ آفریدی کوئی وکٹ حاصل نہ کرسکے۔
اس سے قبل پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 189 رنز بنائے۔ کپتان بابر اعظم نے 70 رنز کی اننگز کھیلی اور محمد رضوان کے ساتھ 113 رنز کی شراکت قائم کی۔
اوپنر محمد رضوان 79 اور محمد حفیظ 32 رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے۔ محمد رضوان کو عمدہ بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
ون ڈاؤن آنے والے فخر زمان کچھ خاص کارکردگی نہ دکھا سکے اور پانچ رنز بنا کر یان فرائی لنک کی گیند پر کیچ تھما بیٹھے۔

محمد رضوان نے آٹھ چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 79 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے (فوٹو: اے ایف پی)

نمیبیا کی جانب سے ڈیوڈ ویزے اور جان فری لنک نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
میچ کے بعد کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ انہیں فخر ہے کہ ٹیم سیمی فائنل میں پہنچی ہے تاہم ابھی کام مکمل نہیں ہوا۔
اہم بات یہ ہے کہ اس میچ کے بعد پاکستانی ٹیم کے کھلاڑیوں نے نمیبیا کے ڈریسنگ روم کا دورہ کیا اور ٹی20 ورلڈ کپ تک رسائی پر نمیبین کھلاڑیوں کو مبارک باد دی۔
واضح رہے کہ پاکستان نے اس میچ کے لیے بھی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی تھی۔
ٹاس جیتنے کے بعد بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ’اپنی بیٹنگ لائن مضبوط کرنے کے لیے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔'
اس سے قبل پاکستانی ٹیم نے یکے بعد دیگرے ایونٹ کے تین میچوں میں اپنے روایتی حریف انڈیا سمیت نیوزی لینڈ اور افغانستان کی ٹیموں کو شکست دی ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان نے نمیبیا کے خلاف کبھی ٹی20 انٹرنیشنل میچ نہیں کھیلا ہے جبکہ اس نے 2003 کے ورلڈ کپ میں ایک ون ڈے میچ 171 رنز کے مارجن سے جیتا تھا۔
اس حوالے سے پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ’پاکستانی ٹیم ’مطمئن‘ ہو جانا افورڈ نہیں کر سکتی۔‘
آئی سی سی کی جانب سے منگل کو جاری کی گئی ایک ویڈیو میں بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ’اس طرح کے ٹورنامنٹ میں ہمیں ہر میچ میں اپنی بہترین کارکردگی دکھانا ہوگی اور مستقل مزاجی کے ساتھ پرفارم کرنا ہوگا۔‘
بابر اعظم نے اپنے ساتھیوں کو مشورہ دیا کہ ’ہم کسی بھی ٹیم کے خلاف کسی بھی مرحلے پر مطمئن نہیں ہو سکتے کیونکہ جس لمحے آپ اپنے حریف کو تھوڑا سا مارجن دیں گے، وہ آپ سے کھیل چھیننے کی پوزیشن میں ہوگا، اس لیے ہمیں اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔‘
یاد رہے کہ آج بدھ 3 نومبر کو ٹی20 ورلڈ کپ کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ کا مقابلہ سکاٹ لینڈ سے دبئی کرکٹ سٹیڈیم میں ہوگا جبکہ دوسرے میچ میں انڈیا اور افغانستان کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔ یہ میچ ابو ظبی کے شیخ زاید سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

شیئر: