Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

197 ممالک کا سفر کرنے والا امریکی بلاگر جدہ پہنچ گیا

مہمان نوازی اور ناقابل یقین کھانوں سے انتہائی لطف اندوز ہو رہا ہوں۔ (فوٹو عرب نیوز)
گزشتہ 10 سال سے پوری دنیا کا سفر کرنے والے امریکی سیاح اور بلاگر ڈریو بنسکی گزشتہ دنوں سعودی عرب کے دورہ پر جدہ پہنچے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی عرب ا ن کے دنیا کے  سفر کا 197 واں ملک ہے۔ ڈریو  بنسکی نے اپنے سوشل میڈیا اکاونٹ کے حوالے سے لکھا ہے کہ 29 اکتوبر2021 کی صبح 1.31 بجے سعودی عرب میں داخل ہوا جو کہ دنیا کے سفر میں میرے لیے آخری ملک ہے جہاں میں کامیابی کے ساتھ پہنچ گیا ہوں۔
 
جدہ کے کنگ عبدالعزیزانٹرنیشنل ائیرپورٹ پر لینڈنگ کے بعد، ایریزونا سے تعلق رکھنے والے بنسکی نے اپنے آخری سفری بلاگ کو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پوسٹ کرتے ہوئے  یہ الفاظ لکھے ہیں کہ بالآخر میں دنیا کے ہر ملک تک پہنچ گیا۔

سعودی عرب میری سیاحت کا آخری ملک ہے جہاں میں پہنچ گیا ہوں۔ (فوٹو عرب نیوز)

امریکی بلاگر ڈریو بنسکی کا دس سالہ طویل سفر کا آغاز چیک ریپبلک کے دارالحکومت پراگ میں کچھ وقت گزارنے سے ہوا۔ جس کے بعد انہوں نے 20 یورپی ممالک کا دورہ کیا۔
کئی برس بعد جنوبی کوریا کے شہر سیول میں انگلش انسٹرکٹر کے طور پر کام کرتے ہوئے انہوں نے دنیا گھومنے کے اپنے مشن کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔
بین الاقوامی سیاح اور بلاگر ڈریو بنسکی نے197 ممالک کی سیاحت مکمل کی ہے اور اپنے ولاگز کے ذریعے 9 ملین فالوورز پر مشتمل آن لائن کمیونٹی کو ان ممالک کے باشندوں، رہن سہن اور ثقافتوں کے بارے میں کہانیاں سنائیں۔
اس کےعلاوہ ان کے 4 بلین سے زیادہ ویڈیو ویوز بھی ہیں۔

​دو ہفتے قیام کے دوران مملکت کے دیگرعلاقے دیکھنے کی خواہش ہے۔ (فوٹو ٹوئٹر)

جدہ میں اپنے سفر کے اختتام کو یادگار بناتے ہوئے یہاں ایک معروف کیفے میں اپنے  فالوورز کے پرجوش ہجوم نے ان کا استقبال کیا۔
یہاں پر انہوں نے اپنے سعودی اورغیر ملکی فالورز کو ملتے ہوئے خوشگوار حیرت کا اظہار کیا اور کہا کہ یہاں میرا گھنٹوں انتظار کرنا حیرت انگیز ہے اور ان سب کی مہربانی اور میری حمایت ناقابل یقین ہے۔
پوری  دنیا کا اپنا دورہ مکمل کرنے کے بعد امریکی بلاگر نے اپنے مداحوں کو بتایا کہ وہ سعودی عرب  آنے پر انتہائی خوش ہیں۔

ڈریو نے دس سالہ سفر کا آغاز پراگ میں کچھ وقت گزارنے سے کیاا۔ (فوٹو ٹوئٹر)

بنسکی نے مزید کہا کہ سعودی عرب میں اپنے سفر کا اختتام کرنا چاہتا تھا کیونکہ میں نے اس کے بارے میں بہت کچھ سنا تھا اور میں جانتا تھا کہ یہاں بہت تیزی سےتبدیلی آ رہی  ہے۔
ڈریو کا مزید کہنا تھا کہ سعودی عرب میں دو ہفتے کے اپنے قیام کے دوران مملکت کے دیگرعلاقوں کا دیکھنے کا خواہشمند اور منتظر ہوں۔
ایک سعودی  نوجوان کے مملکت کے بارے میں ان کے ابتدائی تاثرات کا جاننے کے لیے سوال کیا جس کے جواب میں بنسکی کا جواب تھا کہ یہاں اس قدر مہمان نوازی، ناقابل یقین کھانوں اور یہاں پہنچنے کے بعد سے میں واقعی لطف اندوز ہو رہا ہوں۔
انٹرنیشنل بلاگر نے اپنے فالوورز کو مزید بتایا کہ  میں سعودی عرب میں سیاحتی مقامات کو دیکھنے اور جاننے کا منتظر ہوں۔ میں دارالحکومت ریاض اور العلاء کے علاوہ مملکت کے شمالی و جنوبی علاقوں کو  دیکھنے کا پروگرام بھی بنا رہا ہوں۔
 

شیئر: