Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹی20 ورلڈ کپ: بالآخر انڈیا کو پہلی کامیابی مل گئی

ابو ظبی کے شیخ زاید سٹیڈیم میں ٹی 20 ورلڈ کپ کے 33 ویں میچ میں انڈیا نے افغانستان کو 66 رنز سے ہرا دیا ہے۔
211 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں افغانستان نے 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 144 رنز بنائے۔ کریم جنت 42 اور شرف الدین اشرف دو رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے۔
انڈیا کی جانب سے محمد شامی نے تین اور ایشون نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
افغانستان کے پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی محمد شہزاد تھے، وہ محمد شامی کی گیند پر بغیر کوئی رن بنائے آوٹ ہوئے۔
اس سے اگلے ہی اوور میں حضرت اللہ زازئی بمرا کی گیند پر کیچ تھما بیٹھے۔ انہوں نے 13 رنز بنائے۔
تیسرے آوٹ ہونے والے کھلاڑی رحمان اللہ گرباز تھے انہون نے دو چھکوں کی مدد سے 19 رنز بنائے اور رویندرا جدیجہ کو چھکا لگانے کی کوشش میں باونڈری پر کیچ دے بیٹھے۔
افغانستان کو چوتھا نقصان گلبدین نائب کا اٹھانا پڑا، وہ 18 رنز بنا کر ایشون کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔
پانچویں آوٹ ہونے والے کھلاڑی نجیب الہ زدران تھے وہ بھی ایشون کا شکار بنے۔
اس کے بعد محمد نبی اور کریم جنت کے درمیان چھٹی وکٹ کی شراکت میں 57 رنز بنے جس کے بعد نبی 35 رنز بنا کر محمد شامی کی گیند پر کیچ آوٹ ہوگئے۔
شامی نے اپنے اسی اوور میں راشد خان کو بھی صفر پر پویلین بھیج دیا۔

محمد شامی نے تین کھلاڑیوں کو آوٹ کیا (فوٹو: اے ایف پی)

اس سے قبل انڈیا نے مقررہ 20 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 210 رنز بنائے۔ رشبھ پنت 27 اور ہاردک پانڈیا 35 رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے۔
انڈیا کے اوپنرز کے ایل راہل اور روہت شرما نے افغان بولرز کے خلاف چاروں طرف دل کھول کر شاٹس لگائے، دونوں کے درمیان 140 رنز کی پارٹنرشپ بنی۔
اس کے بعد روہت شرما 74 رنز کی اننگز کھیل کر کریم جنت کی گیند پر کیچ آوٹ ہوگئے۔
کے ایل راہل بھی زیادہ دیر وکٹ پر رک نہ سکے اور 69 رنز بنا کر گلبدین نائب کی گیند پر آوٹ ہوگئے۔

انڈیا کی جانب سے روہت شرما نے 74 جبکہ کے ایل راہل نے 69 رنز کی اننگز کھیلی (فوٹو: اے ایف پی)

اس میچ میں افغانستان نے تاس جیت کر انڈیا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ افغان کپتان محمد نبی نے کہا کہ 'دوسری اننگز میں اوس بہت زیادہ ہوتی ہے اس لیے پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔'
ٹاس ہارنے کے بعد انڈین کپتان وراٹ کوہلی کا کہنا تھا کہ 'اس میں کوئی شک نہیں کہ انڈیا کے لیے صورت حال پچیدہ ہے۔'
اس اہم مقابلے کے لیے انڈین ٹیم میں سوریا کمار یادو اور روی چندرن ایشون کی واپسی ہوئی۔ افغانستان کی ٹیم میں مجیب اور اصغر شامل نہیں تھے۔ اس میچ میں شرف الدین اشرف کو موقع دیا گیا تھا۔

شیئر: