انڈیا: دیوالی پر آتش بازی کے بعد نئی دہلی شدید سموگ کی لپیٹ میں
انڈیا: دیوالی پر آتش بازی کے بعد نئی دہلی شدید سموگ کی لپیٹ میں
جمعہ 5 نومبر 2021 9:55
انڈین دارالحکومت دہلی سالانہ تہوار دیوالی کے بعد شدید زہریلے سموگ کی زد میں آ گیا ہے۔
فرانسیی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق جمعہ کو ہندو تہوار دیوالی کے موقع پر پٹاخوں کی فروخت پر پابندی کے باوجود رات بھر کی آتش بازی کے بعد شہر کی فضا زہریلے سموگ کی لپیٹ میں آ گئی۔
شہر کے مختلف مقامات پر سموگ کے نقصان دہ ذرات کی سطح ہوا کے معیار کے انڈیکس پر اوسطاً 400 سے اوپر ہے۔
یہ تعداد عالمی ادارہ صحت(ڈبلیو ایچ او) کی جانب سے مقرر کردہ روزانہ کی محفوظ حد سے 15 گنا زیادہ ہے۔
خیال رہے کہ انڈیا کی اعلیٰ ترین عدالت نے دہلی میں پٹاخوں کی فروخت پر پابندی عائد کر دی ہے اور مقامی حکومت نے لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ ان پٹاخوں کے بغیر دیوالی منائیں۔
لیکن دارالحکومت کے تقریباً دو کروڑ باشندوں میں سے بہت سے افراد نے پھر بھی پٹاخے حاصل کر لیے اور انہیں روشنیوں کے سالانہ تہوار کے دوران صبح کے اوائل تک پورے شہر میں چھوڑ دیا۔
پٹاخے کا دھواں صنعتی اور گاڑیوں کے اخراج اور کھیت میں لگنے والی آگ کے ساتھ مل کر ایک سرمئی پیلے رنگ کا سوپ بناتا ہے جو سردیوں میں دہلی اور دیگر انڈین شہروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیتا ہے۔
دہلی کے ایک رہائشی سندیپ نے جمعہ کو اے ایف پی کو بتایا کہ وہ نہیں سمجھتے کہ حکومت آلودگی کے چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے کافی کام کر رہی ہے۔
دہلی کے لودھی گارڈنز میں صبح کی سیر کے دوران انہوں نے کہا کہ’میرے خیال میں بہت کچھ (مزید) کرنے کی ضرورت ہے۔‘
’نہ صرف ہمیں کھانسی زیادہ ہو رہی ہے، ہمیں گلے میں جلن ہو رہی ہے اور سردی زیادہ آسانی سے ہمیں اپنی گرفت میں لے رہی ہے۔‘
سوئس تنظیم آئی کیو ایئر کی 2020 کی ایک رپورٹ میں پتا چلا کہ دنیا کے 30 آلودہ ترین شہروں میں سے 22 انڈیا میں ہیں جب کہ دہلی کو عالمی سطح پر سب سے زیادہ آلودہ دارالحکومت قرار دیا گیا ہے۔
میڈیکل جریدے لینسیٹ نے کہا کہ 2019 میں انڈیا میں فضائی آلودگی کی وجہ سے16 لاکھ 70 ہزار اموات ہوئیں جن میں سے تقریباً 17 ہزار پانچ سو دہلی میں ہوئیں۔