Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دنیا کی مشہور فضائی کمپنی آئی اے جی کے نقصان میں ریکارڈ کمی

آئی اے جی کا گذشتہ سال کی تیسری سہ ماہی کا نقصان ایک ارب 80 کروڑ یورو تھا (فائل فوٹو: ٹوئٹر)
برٹش ایئرویز اور ہسپانوی کیریئر آئبیریا کے مالک آئی اے جی نے اعلان کیا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے عائد سفری پابندیوں کے خاتمے پر اس کی تیسری سہ ماہی کا نقصان تیزی سے کم ہوا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق جمعہ کو آئی اے جی نے ایک بیان میں کہا کہ ٹیکس کے بعد کا نقصان ستمبر تک کے تین ماہ میں 57 کروڑ 40 لاکھ یورو رہا جو ایک سال پہلے ایک ارب 80 کروڑ یورو تھا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ 'فضائی سفر کے دوبارہ کھلتے ہی اس نے شاندار ریکوری کی ہے۔'
گروپ کی سٹار پرفارمر ہسپانوی کیریئر آئبیریا اس دوران منافع میں واپس آگئی ہے۔
یورپی ٹریول گروپ، جس کے پورٹ فولیو میں Aer Lingus، Level اور Vueling بھی شامل ہے، نے مزید کہا کہ اس نے وبا سے پہلے کی اپنی گنجائش کی 43.4 فیصد پروازیں اڑائی ہیں۔
آئی اے جی کو توقع ہے کہ چوتھی سہ ماہی میں یہ 60 فیصد تک پہنچ جائے گی۔
کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو لوئس گیلیگو کا کہنا تھا کہ 'ایک اہم بحالی جاری ہے۔'
'جب سفری پابندیاں ہٹا دی جاتی ہیں تو ہم بکنگ میں اضافے سے فائدہ اٹھاتے رہتے ہیں۔'
انہوں نے مزید کہا کہ 'پیر سے ٹرانس اٹلانٹک ٹریول کوریڈور کا مکمل دوبارہ کھلنا ہماری صنعت کے لیے ایک اہم لمحہ ہے۔'
کورونا نے گذشتہ سال عالمی ایوی ایشن کو کافی نقصان پہنچایا کیونکہ سفری پابندیوں نے مانگ کو ختم کر دیا، لیکن اس سال بین الاقوامی سفری پابندیوں کو بتدریج اٹھانے سے صنعت کو فروغ ملا ہے۔

شیئر: