Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جرمن سفیر کی رہائش پر ابھرتے ہوئے سعودی آرٹسٹوں کے فن پاروں کی نمائش

عودی آرٹسٹ جرمن گیلریوں میں اپنے کام کی نمائش کر رہے ہیں۔( فوٹو عرب نیوز)
آرٹ گیلریوں میں اکثر کافی شاپ ہوتی ہیں لیکن زیادہ سے زیادہ کافی شاپس اب تخلیقی جگہ فراہم کر رہی ہیں اور آرٹ گیلریوں کے طور پر کام کر رہی ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق  ریاض کے ایسے ہی ایک کیفے میں نوجوان سعودی آرٹسٹوں کے ایک گروپ کے کام نے جرمن سفارت خانے کے عملے کی توجہ حاصل کی جس کے نتیجے میں جرمنی کے سفیر نے اپنی رہائش پر ان کے کام کی ایک نمائش کی میزبانی کی۔
جرمن سفارت خانے میں پریس اور ثقافتی امور کی فرسٹ سیکریٹری سٹیلا شیرر نے نمائش میں موجود شرکا کو بتایا کہ سفارت خانے کے شعبہ ثقافت کے عملے نے کیفے میں جو کام دیکھا اس سے اس قدر متاثر ہوا کہ انہوں نے معلومات اکھٹی کیں۔
اس کے بعد سفارت خانے نے ان 12 ابھرتے ہوئے سعودی آرٹسٹوں کی مدد کے لیے ایک پروجیکٹ شروع کیا جس میں ان سے کہا گیا کہ وہ ’ستاروں کی کہانیاں‘ کے موضوع پر مبنی کام تخلیق کریں۔
اس کے بعد سفارت خانے کی ٹیم نے جرمن سفیر کی رہائش پر تمام کاموں کی ایک ساتھ نمائش کرنے سے پہلے کئی ہفتوں کے دوران اس کام کو اپنے سوشل میڈیا پیجز پر پوسٹ کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جرمن سفیر نے زور دیا کہ جرمنی اور سعودی عرب کے درمیان تعاون کے اہم ستونوں میں سے ایک ثقافتی تعلقات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سعودی آرٹسٹ جرمنی میں آرٹسٹ ریزیڈنسی پروگراموں میں شرکت کر رہے ہیں اور جرمن گیلریوں میں اپنے کام کی نمائش کر رہے ہیں۔
جرمن سفیر نے کہا کہ ’یہ پہلا موقع ہے جب ہم نے ایسا پروجیکٹ بنایا ہے۔مجھے یقین ہے کہ آرٹ جرمن اور سعودی ثقافت کو ایک دوسرے کے قریب لانے کے لیے ایک بہترین پل ہے۔ ہم ابھرتے ہوئے نوجوان سعودی آرٹسٹوں کو اپنے سوشل میڈیا پر فروغ دے کر ان کی صلاحیتوں کو پیشہ میں تبدیل کرنے میں مدد کرتے ہوئے بہت خوش ہیں اور ہم اس مشن کو حاصل کرنے کے لیے آرٹس کے مختلف شعبوں میں مزید منصوبوں کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔

شیئر: