Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈرامہ ’خدا اور محبت 3‘: ’کیا یہ دیوداس کا اختتام تھا؟‘

سوشل میڈیا پر بعض صارفین نے لکھا کہ ڈرامے کا اختتام ان کے لیے غیرمتوقع تھا۔ فوٹو: سکرین گریب
پاکستانی ڈرامہ ’خدا اور محبت 3‘ کی آخری قسط جمعے کو نشر کی گئی تو ناظرین کی جانب سے تبصروں کا ایک نہ رکنے والا سلسلہ شروع ہوا۔
سوشل میڈیا پر تبصروں کی شروعات ڈرامے کی آخری قسط میں ہیرو اور ہیروئن کے مر جانے کے ذکر سے ہوئیں۔ متعدد سوشل میڈیا صارفین نے تبصرے کیے جن میں کچھ نے ڈرامے کے اختتام کو پسند کیا جبکہ بعض صارفین اس اختتام سے غیر مطمئن نظر آئے۔
مشہور ناول نگار ہاشم ندیم کے ناول پر بنایا گیا ڈرامہ ’خدا اور محبت 3‘ سیونتھ سکائی کے عبدللہ کادوانی اور اسد قریشی نے پروڈیوس کیا ہے۔
ڈرامے کے اختتام پر صارف حاجی محمد نے لکھا کہ ’ڈرامے کے آخری لمحات نے مجھے رُلا دیا، جس طرح ماہی اور فرہاد کی موت ہوئی، بدترین تھا۔ اس طرح سے ڈرامے کا اختتام نہیں ہونا چاہیے تھا۔‘
حَفصہ نامی ٹوئٹر ہینڈل سے لکھا گیا کہ ’میں ڈرامے کے اختتام سے مطمئن ہوں۔ اچھا ہوا دونوں مر گئے کیوں کہ مر تو وہ پہلے ہی چکے تھے۔‘
بعض ناظرین کی جانب سے اپنے خیالات کے اظہار کے لیے سوالیہ انداز بھی اختیار کیا گیا اور دیگر صارفین سے ڈرامے کے بارے میں پوچھا گیا۔
میاں عمر نے ٹویٹ میں اداکاروں کی تصاویر شیئر کرتے ہوئےسوال کیا کہ ’کیا آپ ڈرامے کے اختتام سے مطمئن ہیں؟‘

’اِٹس ہیر‘ نامی ٹوئٹر ہینڈل سے ڈرامہ سیریل ’خدا اور محبت 3‘ کو انڈین فلم دیوداس سے مماثل دیا گیا۔ سوشل میڈیا صارف نے پوچھا کہ ’یہ پاکستانی ڈرامہ ’خدا اور محبت‘ کی آخری قسط تھی یا پھر انڈین فلم دیوداس کا اختتام تھا؟‘ 
ٹوئٹر صارف ثنااللہ نے ’خدا اور محبت 3‘ کے حوالے سے لکھا کہ ’اس ڈرامے کا اختتام غیر متوقع تھا۔‘ 

پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ٹوئٹر صارف لاریب شہزادی نے کہا کہ ’ڈرامہ انڈسٹری میں کوئی سینس نہیں رہی۔ یہ جنریشن کو سکھا رہے ہیں کہ محبت کر کے درباروں پر بیٹھ جاؤ۔ ماں باپ کو بھول جاؤ۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’کوئی نیا آئیڈیا نہیں ہے بس عشق، طلاق اور مر جانا۔‘ 
آن لائن پلیٹ فارم یوٹیوب پر سب سے زیادہ دیکھا جانے والا پاکستانی ڈرامہ اس وقت انڈین سوشل میڈیا صارفین کے درمیان بھی موضوع بحث ہے۔

ڈرامہ سیریل ’خدا اور محبت‘ کا پہلا سیزن 2011 میں، دوسرا سیزن 2017 نشر کیا گیا تھا جبکہ تیسرا سیزن رواں سال نشر کیا گیا۔ ڈرامے کے مرکزی کردار اداکار فیروز خان اور اقرا عزیز ہیں جبکہ سنیتا مارشل، عثمان پیرزادہ اور جنید خان نے بھی اہم کردار ادا کیے۔

شیئر: