Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان بمقابلہ آسٹریلیا: دوسرے سیمی فائنل میں جیت کس کے نام ہوگی؟

رواں ٹی 20 ورلڈ کپ میں کھیلے جانے والوں اپنے تمام میچوں میں پاکستان کرکٹ ٹیم فاتح رہی لیکن اب پاکستان کا سامنا ناک آؤٹ مرحلے میں آسٹریلیا سے ہونے جا رہا ہے۔ اس ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم مسلسل پانچ میچز جیت چکی ہے جس کے بعد پاکستان کے کرکٹ شائقین کی اُمیدیں بڑھ گئی ہیں۔
ٹی 20 ورلڈ کپ کا دوسرا سیمی فائنل پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان آج جمعرات کی شام سات بجے دبئی انٹرنیشنل سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
میچ سے قبل کرکٹ شائقین کی جانب سے دلچسپ تبصروں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ سوشل میڈیا صارفین جہاں ایک طرف پاکستانی ٹیم کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں وہیں یہ پیش گوئیاں کرتے بھی نظر آ رہے ہیں کہ کون سی ٹیم یہ میچ جیت سکتی ہے۔

فاسٹ بولر محمد عامر نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’گڈ لک پاکستان ٹیم، دعائیں آپ کے ساتھ ہیں۔‘

ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی برائن لارا نے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ہونے والے میچ کے حوالے سے پیش گوئی کرتے ہوئے لکھا کہ ’آسٹریلیا ایک خطرناک ٹیم ہے۔ آسٹریلیا کے پاس ایک مضبوط لائن ہے جس کی وجہ سے وہ کسی بھی ٹیم کو شکست دے سکتے ہیں۔‘ تاہم ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’پاکستان اپنی بیٹنگ اور بولنگ کی صلاحیت کی وجہ سے آسٹریلیا کو شکست دے کر فائنل میں جا سکتا ہے۔

صوبائی وزیر کھیل برائے پنجاب رائے تیمور خان بھٹی نے شائقین کو نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں ڈیجیٹل سکرین لگانے کی اطلاع دیتے ہوئے لکھا کہ ’محکمہ یوتھ افیئرز و سپورٹس پنجاب کی جانب سے نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں پاکستان اور آسٹریلیا  ٹی20 ورلڈ کپ سیمی فائنل مقابلے کے لیے پاکستان کی سب سے بڑی ڈیجیٹل سکرین لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
 انہوں نے ٹویٹ میں شائقین کرکٹ کو دعوت دیتے ہوئے لکھا ہے کہ ’شائقین نیشنل ہاکی سٹیڈیم آکر میچ سے محظوظ ہوں اور قومی ٹیم کو سپورٹ کریں۔‘
سوشل میڈیا پر ثمرہ طارق نامی ٹوئٹر صارف نے یہ جاننے کی خواہش ظاہر کی وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ہونے والے دوسرے سیمی فائنل میچ میں کس ٹیم کو سپورٹ کریں گی۔
 جس پر شنیرا اکرم نے لکھا کہ ’میرا جواب ہے کہ پاکستان کی جیت پر مجھے خوشی ہوگی کیونکہ کرکٹ کے جنونی شائقین کی جیت کو دیکھنے سے بڑھ کر کوئی خوشی کی بات نہیں۔‘

انہوں نے مزید لکھا کہ ’ورلڈ کپ کو اٹھانا پاکستان کے لیے ایک خواب کو حقیقت میں بدلنے جیسا ہوگا۔ لیکن اگر جیت آسٹریلیا کی ہوئی تو میں یقینا خوش ہوں گی۔

طارق خان نے پاکستانی ٹیم کو جیت کی دعا دیتے ہوئے لکھا کہ ’جیت پاکستان کی ہو گی، آسٹریلیا سے گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے اگر پاکستان انڈیا اور نیوزی لینڈ کو شکست دے سکتا ہے تو آسٹریلیا کو بھی ہرا سکتا ہے۔‘
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ایک فہرست بھی شیئر کی جا رہی ہے جس میں انڈیا، نیوزی لینڈ اور نیمبیا سے ’بدلے‘ کا حساب لکھا گیا ہے اور اب اس فہرست میں آسٹریلیا کو بھی شامل کر لیا گیا ہے۔

سوشل میڈیا صارف سہیل عمران نے آسٹریلیا کے گزشتہ کئی برسوں سے پاکستان کا دورہ نہ کرنے کی یاد دہانی کراتے ہوئے لکھا کہ ’اب ٹیم پاکستان نے آسٹریلیا سے بدلہ لینا ہے، 2010 کا (ہسی اور سعید اجمل کا) اور 23 سال سے پاکستان کا دورہ نہ کرنے کا ۔ گڈ لک شاہینو!‘

شیئر: