Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نور مقدم کیس، ظاہر جعفر کے گھر کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی

سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق نور مقدم نے ظاہر جعفر کے گھر سے بھاگنے کی کوشش کی (فائل فوٹو: اسلام آباد پولیس)
سابق سفارت کار شوکت مقدم کی بیٹی نور مقدم کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ انہوں نے ملزم ظاہر جعفر کے گھر سے بھاگنے کی کوشش کی تاہم ملزم انہیں پکڑ کر دوبارہ زبردستی اندر لے گیا۔
سنیچر کو سامنے آنے والی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نور مقدم ظاہر جعفر کے گھر سے باہر جانے کے لیے گیٹ پر آتی ہیں تاہم سکیورٹی گارڈ انہیں باہر نہیں جانے دیتا اور وہ ڈر کے مارے سکیورٹی گارڈ کے کیبن میں چھپ جاتی ہیں۔
ایک سی سی ٹی وی کیمرے میں دیکھا جاسکتا ہے کہ 18 جولائی کو رات 10 بج کر 18 منٹ پر نور مقدم مرکزی ملزم ظاہر جعفر کے سیکٹر ایف سیون میں واقع گھر کے مرکزی گیٹ سے اندر داخل ہوتی ہیں۔
اس دوران وہ اپنے موبائل فون پر کسی سے بات کرتے ہوئے دکھائی دیتی ہیں اور گیٹ پر ایک چوکیدار بھی کھڑا ہوا دکھائی دیتا ہے۔
فوٹیج میں مزید دیکھا جاسکتا ہے کہ 19 جولائی کی رات دو بج کر 39 منٹ پر ظاہر جعفر اور نور مقدم بڑے بیگ لے کر گھر کے مرکزی گیٹ سے باہر نکلتے نظر آتے ہیں، اور دو بج کر 40 منٹ پر باہر کھڑی ٹیکسی میں سامان رکھ کر دوبارہ واپس گھر کے اندر داخل ہوتے نظر آتے ہیں۔ 
رات دو بج کر 41 منٹ پر نور مقدم انتہائی گھبراہٹ اور خوف کی حالت میں ننگے پاﺅں اس گھر سے گیٹ کی طرف بھاگتی نظر آتی ہیں۔
چوکیدار افتخار گیٹ پر موجود ہوتا ہے اور وہ گیٹ کو بند کردیتا ہے، اس دوران ظاہر جعفر اندر سے تیزی سے گیٹ کی طرف آتا ہے اور نور مقدم کو دبوچ لیتا ہے، اس پر نور مقدم ہاتھ جوڑ کر منت سماجت کرتی نظر آتی ہیں جس کی پروا نہ کرتے ہوئے ظاہر جعفر نور مقدم کو زبردستی کھینچ کر گھر کے اندر لے جاتا ہے۔
رات دو بج کر 46 منٹ پر ظاہر جعفر اور نور مقدم گھر سے نکل کر مرکزی گیٹ پر آتے ہیں اور گیٹ سے باہر گلی میں کھڑی ٹیکسی میں دونوں کو بیٹھ کر جاتے دیکھا جا سکتا ہے۔ 
رات دو بج کر 52 منٹ پر ظاہر جعفر اور نور مقدم اپنے بیگ لے کر اس گھر کے مرکزی گیٹ سے داخل ہو کر اندر گھر میں جاتے نظر آتے ہیں۔

فوٹیج کے مطابق ملزم ظاہر جعفر نور مقدم کو زبردستی گھر کے اندر لے جاتا ہوا نظر آتا ہے (سکرین گریب)

مرکزی گیٹ پر چوکیدار افتخار بھی موجود ہوتا ہے، گھر کے صحن میں کالے رنگ کا کتا بھی نظر آتا ہے۔ اگلے روز 20 جولائی کو شام سات بج کر 12 منٹ پر نور مقدم فرسٹ فلور سے چھلانگ لگا کر گراﺅنڈ فلور کی گیلری کے ساتھ لگے جنگلے پر گرتی نظر آتی ہیں اس دوران نور مقدم کے ہاتھ میں موبائل فون بھی ہوتا ہے۔
وہ لڑکھڑاتی ہوئی مرکزی گیٹ کے پاس آتی ہیں اور باہر جانے کی کوشش کرتی ہیں۔ گیٹ پر موجود چوکیدار افتخار انہیں باہر نہیں جانے دیتا اور وہ گیٹ کو بند کردیتا ہے۔
اسی دوران  ظاہر جعفر گھر کے فرسٹ فلور کے ٹیرس سے چھلانگ لگا کر گراؤنڈ فلور پر آجاتا ہے اور دوڑ کر گیٹ کے قریب گارڈ کے کیبن میں چھپی نور مقدم کو کھینچ کر باہر نکالتا ہے اور دوران ان موبائل فون چھینتا اور گھر کے اندر زبردستی کھینچ کر لے جاتا نظر آتا ہے۔ 

شیئر: