Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ق لیگ کو مہنگائی پر تشویش،’حکومت کے ساتھ چلنا مشکل ہوتا جا رہا ہے‘

پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں تمام اراکین اسمبلی نے فیصلوں کا اختیار چودھری پرویزالٰہی کو دیے دیا۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان مسلم لیگ ق کے ارکان اسمبلی نے کہا ہے کہ ملک مہنگائی اور امن و امان کی ابتر صورتحال کے باعث حکومت کے ساتھ چلنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔
مسلم لیگ ق کی جانب سے جاری بیان کے مطابق  مسلم لیگ کے پارلیمانی پارٹی کا اجلاس مسلم لیگ پنجاب کے صدر چودھری پرویزالٰہی کی زیرصدارت منعقد ہوا۔
اجلاس میں مسلم لیگی اراکین اسمبلی نے بڑھتی ہوئی بے روزگاری اور مہنگائی پر تشویش کا اظہار کیا۔
اجلاس میں ڈالر، پٹرول، بجلی اور گیس کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور امن و امان کی ابتر صورتحال پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔
بیان کے مطابق ارکان اسمبلی کا کہنا تھا کہ عام آدمی اذیت میں مبتلا ہے، عوامی نمائندے اپنے حلقوں میں عوام کا سامنا کیسے کریں، ان تمام وجوہات کی بنا پر حکومت کے ساتھ چلنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔
ارکان اسمبلی نے کہا کہ حکومت عوامی مشکلات کے تدارک میں ناکام دکھائی دیتی ہے، حکومت نان ایشوز کو ایشوز بنا کر عام آدمی کے زخموں پر نمک چھڑک رہی ہے، عام آدمی کو ریلیف نہ دیا گیا تو حالات مزید بگڑیں گے، حکومت سنجیدگی سے ان تمام ایشوز کا فی الفور ازالہ کرے۔
پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں تمام اراکین اسمبلی نے فیصلوں کا اختیار چودھری پرویزالٰہی کو دیے دیا۔

پرویزالٰہی نے کہا تھا کہ ’پنجاب حکومت کی انتظامیہ ہر ضلعے میں ہمارے کارکنوں کے ساتھ ناروا سلوک کر رہی ہے۔‘ (فوٹو: ٹوئٹر)

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں وفاقی وزرا طارق بشیر چیمہ، مونس الٰہی، سینیٹر کامل علی آغا، ارکان قومی اسمبلی سالک حسین، حسین الٰہی، مسز فرخ خان، صوبائی وزرا حافظ عمار یاسر، باؤ رضوان، ارکان پنجاب اسمبلی ساجد احمد خان بھٹی، عبداللہ یوسف وڑائچ، ڈاکٹر محمد افضل، احسان الحق چودھری، شجاعت نواز اجنالہ، خدیجہ عمر سمیت خیبرپختونخواہ اسمبلی کے رکن مفتی عبیدالرحمن اور مسلم لیگی رہنما شافع حسین بھی اجلاس میں شریک تھے۔
خیال رہے مسلم لیگ ق کے سینیئر رہنما اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے سنیچر کو پی ٹی آئی حکومت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے ایک بیان میں کہا تھا کہا کہ ’ہم تین سال سے انہیں وفاق اور صوبے میں ساتھ لے کر چل رہے ہیں، ہم ان کا ساتھ نبھا رہے ہیں لیکن یہ نہیں نبھا رہے۔‘ 
پرویزالٰہی نے کہا تھا کہ ’پنجاب حکومت کی انتظامیہ ہر ضلعے میں ہمارے کارکنوں کے ساتھ ناروا سلوک کر رہی ہے۔‘

شیئر: