Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آرمینیا کے ساتھ جھڑپ میں آذربائیجان کے سات فوجی ہلاک

دونوں ممالک کے درمیان گذشتہ برس نومبر میں اختتام پذیر ہونے والی جنگ چھ ہفتے تک جاری رہی تھی۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
آرمینیا کے ساتھ سرحدی جھڑپوں میں آذربائیجان کے سات فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی نے بدھ کو باکو کے حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ جھڑپیں نگورنو کاراباخ کے متنازع علاقے کے قریب ہوئی ہیں۔
آذربائیجان کی وزارت دفاع کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ’آرمینیا کی جانب سے اشتعال انگیز جھڑپوں میں سات سکیورٹی اہلکار ہلاک جب کہ 10 زخمی ہو ئے ہیں۔‘
دوسری جانب آرمینیا کا کہنا ہے کہ اس کا ایک فوجی ہلاک اور 13 گرفتار کیے گئے ہیں جبکہ 24 اہلکار لاپتہ ہوئے ہیں۔
آرمینیا اور آذربائیجان کی فوجوں کے درمیان ایک سال قبل ہونے والی جنگ بندی کے بعد متنازع علاقے نگورنو کاراباخ کے معاملے پر دوبارہ جھڑپوں کا سلسلہ ایک روز قبل ہی شروع ہوا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق آرمینیا نے منگل کو آذربائیجان کے ساتھ سرحدی جھڑپوں میں فوج کے جانی اور مالی نقصان کا اعتراف کیا ہے۔
دونوں ممالک کے درمیان گذشتہ برس نومبر میں روس کی مداخلت سے اختتام پذیر ہونے والی جنگ چھ ہفتے تک جاری رہی تھی جس میں دونوں اطراف سے چھ ہزار 500 سے زائد افراد ہلاک ہوئے۔
آرمینیا کی وزارت دفاع نے منگل کو بتایا کہ آذربائیجان کی فوجوں کی جانب سے کیے گئے حملے کے نتیجے میں اس کے کئی فوجی ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔
آرمینیائی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ حملے میں ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا جارہا ہے تاہم اس نے یہ تسلیم کیا ہے کہ اس جھڑپ میں آرمینیا نے دو اہم فوجی پوزیشنوں کا کنٹرول کھو دیا ہے۔
اس سے قبل منگل کے روز ہی دونوں ممالک نے ایک دوسرے پر سرحدی خلاف ورزیوں کا الزام عائد کیا۔
آرمینیائی وزارت دفاع کا مزید کہنا ہے کہ اس کی فوج نے کیلبجر اور لاچن کے اضلاع میں آذربائیجان کے ٹھکانوں پر حملے کیے ہیں جس کے نتیجے میں آذربائیجان کے دو فوجی زخمی ہوگئے۔

شیئر: