Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہائی وے پر ہزاروں ڈالر بِکھر گئے، لُوٹنے والے گرفتار

پولیس کا کہنا ہے کہ رقم واپس نہ کرنے والوں کو گرفتار کرلیا جائے گا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
امریکہ میں کیلیفورنیا فری وے پر بینک کرنسی لے جانے والے بکتربند ٹرک سے بڑی مقدار میں ڈالر بکھرنے سے وہاں افراتفری کا منظر پیدا ہوگیا اور لوگوں نے نوٹ اٹھانے کے لیے سڑک پر اپنی گاڑیاں روک دیں۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق گاڑیوں سے اُتر کر نوٹوں سے اپنی جیبیں بھرنے کے خواہش مند ان افراد کو پولیس نے اس غیر متوقع انعام کا شکر ادا کرنے کا موقع نہیں دیا اور اس سے قبل ہی کریک ڈاؤن کر کے دو افراد کو گرفتار کرلیا۔
کیلیفورنیا ہائی وے پیٹرول سارجنٹ کرٹِس مارٹن نے نیوز کانفرنس کے دوران بتایا کہ ’لوگوں کی جانب سے فری وے پر رقم لُوٹنے کی کئی ایک ویڈیوز کے ثبوت موجود ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’یہ ہزاروں ڈالر ایک بینک کی ملکیت ہیں جو کہ مختلف افراد کی جانب سے جمع کرائے گئے تھے اور لوگوں کو یہ رقم تھانے میں لازمی واپس کرانا ہوگی۔‘
یہ واقعہ نقد رقم لے جانے والے بکتربند ٹرک کا دروازہ انٹرسٹیٹ فائیو پر سین ڈیاگو کے قریب فری وے پر کھلنے سے پیش آیا جو کہ کیلی فورنیا میکسیکو سرحد سے کینیڈا تک جاتا ہے۔
سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ویڈیو میں لوگوں کو سڑک کے گرد گھومتے، نوٹ اُٹھاتے اور خوشی سے مٹھی بھر کر ہوا میں اُچھالتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
پولیس نے خبردار کیا ہے کہ یہ ویڈیو اُن افراد کو پکڑنے کے لیے استعمال کی جائےگی جو فوری طور پر فری وے سے اٹھائی گئی رقم واپس نہیں کریں گے۔

پولیس نے رقم لُوٹنے والے ایک مرد اور ایک عورت کو گرفتار کرلیا (فائل فوٹو: پِکسلز)

’لوگوں کے لیے بہتر یہ ہی ہے کہ وہ دیانت داری سے اٹھائی گئی رقم پولیس کےحوالے کردیں بصورت دیگر ہمارا انتظار کریں تاکہ ہم انہیں پکڑنے کے لیے ان کے دروازے تک پہنچ جائیں۔‘
اس واقعے کے بعد پولیس نے دو افراد کو اس وقت گرفتار کیا جب ایک مرد اور ایک عورت جو نقد رقم اُٹھانے کی دوڑ میں شامل ہوئے تھے کی کار غلطی سے لاک ہوگئی جس سے وہاں گاڑیوں کی ایک لمبی قطار لگ گئی اور وہ موقعے سے نکلنے میں کامیاب نہ ہوسکے۔

شیئر: