Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ڈی ایم کا لانگ مارچ اور اجتماعی استعفوں پر اتفاق نہ ہوسکا

اجلاس میں نواز شریف بھی آن لائن شریک ہوں گے۔ (فوٹو: سکرین گریب)
پاکستان میں اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے اجلاس میں حکومت کے خلاف لانگ مارچ اور اجتماعی استعفوں کے معاملے پر اتفاق رائے نہ ہوسکا۔
پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اعلان کیا ہے کہ حکومت کے خلاف آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان 6 دسمبر کو کیا جائے گا۔
منگل کو اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس میں لانگ مارچ اور پارلیمنٹ سے اجتماعی استعفوں سمیت مختلف آپشنز پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں شریک ایک رکن نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر اردو نیوز کو بتایا کہ ’اجلاس میں لانگ مارچ کے ساتھ پارلیمنٹ سے اجتماعی استعفوں اور قبل از وقت انتخابات کے مطالبے پر غور کیا جارہا ہے۔‘
ذرائع کے مطابق ’مولانا فضل الرحمان نے فروری میں لاہور سے اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ اور پارلیمنٹ سے اجتماعی استعفے دینے کی تجویز پیش کی۔‘ 
ذرائع کے مطابق پی ڈی ایم اجلاس میں پارلیمنٹ سے اجتماعی طور پر مستعفی ہونے کی تجویز پر اتفاق رائے نہیں ہوسکا جبکہ انتخابی اصلاحات کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے پر بھی مشاورت کی گئی۔
اجلاس میں سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی مبینہ آڈیو لیک پر بھی مشاورت کی گئی جس میں اس معاملے کو پوری شدت سے آگے بڑھانے اور میڈیا پر مؤثر انداز میں پیش کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

شیئر: