Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

براہ راست پروازوں سے پاکستانی ورکرز کو سب سے زیادہ فائدہ ہوگا: طاہر اشرفی

طاہر محمود اشرفی کا کہنا تھا کہ پاکستان سے پروازوں کی بحالی کے سلسلے میں حکومت پاکستان سعودی عرب سے مسلسل رابطے میں تھا (فوٹو: عرب نیوز)
وزیراعظم پاکستان کے نمائندہ خصوصی برائے سعودی عرب و مشرق وسطیٰ حافظ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے پاکستان سے براہ راست پروازاوں کی اجازت دے دی ہے جس سے لاکھوں پاکستانی مستفید ہوں گے۔
جمعرات کی رات کو اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ طاہر محمود اشرفی کا کہنا تھا کہ پاکستان سے پروازوں کی بحالی کے سلسلے میں حکومت پاکستان سعودی عرب سے مسلسل رابطے میں تھا اور آج سعودی وزرات داخلہ نے باضابطہ طور پر پاکستان سے براہ راست مسافروں کو آنے کی اجازت دینے کا اعلان کر دیا ہے۔
ان کے مطابق اس علان سے سب سے زیادہ وہ پاکستانی مستفید ہوں گے جو کہ سعودی عرب میں ملازمت کرتے ہیں اور براہ راست پروازوں کی بندش کی وجہ پاکستان میں پھنسے ہوئے تھے۔
طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ سعودی عرب سے براہ راست پروازوں کی اجازت کے علاوہ دوسری اچھی خبر یہ آئی  ہے سعودی عرب کی جانب سے اعلان کردہ تین ارب ڈالر کے مالیاتی پیکیج کے حوالے سے معاملات فائنل ہوگئے ہیں۔
ان کے مطابق یہ رقم اس ہفتے پاکستان کو مل جائےگی۔
طاہر اشرفی نے پروازوں کی بحالی اور مالیتی پیکیج کے لیے سعودی قیادت خصوصاً خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات لازوال ہے اور یہ روز بروز مضبوط ہو رہے ہیں۔
’وزیراعظم عمران خان کے حالیہ دورہ سعودی عرب کے دوران ان مثالی تعلقات کو مزید وسعت دینے اور انہیں مضبوط بنانے کے لیے مختلف منصوبوں اور اقدامات کرنے پر اتفاق رائے ہوا تھا جن پر پیش رفت مسلسل سامنے آرہی ہے۔‘
اس حوالے سے انہوں نے سعودی عرب کی جانب سے اعلان کردہ مالیاتی پیکج کا حوالہ دیا۔

پروازوں کے لیے تیار ہیں: پی آئی اے

دوسری جانب سعودی عرب کی جانب سے پاکستان سے براہ راست پرازوں کی اجازت کی خبر سامنے آنے کے بعد پاکستان کی قومی ایئرلائن پی آئی نے کہا ہے کہ وہ سعودی عرب لیے پروزیں شروع کرنے کے لیے تیار ہے۔
پی آئی اے کے ترجمان کا کہنا تھا کہ جیسے ہی سعودی حکومت کا تحریری حکمنامہ موصول ہوگا سعودی عرب کے لیے بکنگ شروع کر دی جائے گی۔

شیئر: