Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سینیئر صحافی محمد ضیا الدین انتقال کر گئے

سینیئر صحافی محمد ضیا الدین گزشتہ چند ماہ سے علیل تھے۔ فوٹو: سکرین گریب
پاکستان کے سینیئر صحافی اور انگریزی روزنامے ڈان کے سابق ایڈیٹر محمد ضیا الدین اسلام آباد میں انتقال کر گئے ہیں۔ وہ گزشتہ چند ماہ سے علیل تھے۔ 
صحافی مبشر زیدی نے ٹویٹ کیا کہ پاکستانی صحافت کے آئیکون محمد ضیا الدین پیر کی صبح انتقال کر گئے۔ ان کے اہلخانہ نے تصدیق کی ہے۔
ان کے انتقال پر سینیئر صحافی اور سوشل میڈیا صارفین دکھ اور صدمے کا اظہار کر رہے ہیں۔
قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے تعزیتی پیغام میں کہا کہ سینیئر صحافی ضیاء الدین کی وفات ایک قابل لکھاری، دانشور اور صحافت ومعاشرے کا بڑا نقصان ہے۔ وہ صحافت میں استاد اور ادارے کی حیثیت رکھتے تھے۔ ڈٹ کر اصولوں پر کھڑے ہونے کے باوجود اسی قدر نفیس اور شائستہ انسان تھے۔ آئین، جمہوریت اور صحافتی اصولوں کے لیے ان کی خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا۔‘
اینکر پرسن حامد میر نے محمد ضیا الدین کی مغفرت کی دعا پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’وہ ان چند صحافیوں میں سے ایک تھے جن کا عملی صحافت کا تجربہ نصف صدی پر محیط تھا۔ ہم نے ضیاء صاحب سے بہت کچھ سیکھا۔‘ 
صحافی شہباز رانا نے سینیئر صحافی کی وفات پر لکھا کہ وہ اپنے ذات میں ایک ادارہ تھے۔ ’وہ اصولی، دیانتدار اور دانا شخصیت تھے۔ انہوں نے اپنی زندگی میں سب سے زیادہ صحافت کی خدمت کی۔ خوش قسمت ہوں کہ ان کے زیرِنگرانی کام کا موقع ملا۔ انہوں نے صحافت میں جذبات کو الگ رکھ کر کام کرنا سکھایا۔‘
عمر آر قریشی نے محمد ضیا الدین کے انتقال پر ٹویٹ کی کہ پاکستان کی صحافت نے اپنے ایک عہد کی بہترین شخصیت کھو دی۔

شیئر: