گزشتہ ہفتے تجارتی مراکز میں 11.3 فیصد زیادہ خریداری
ریستورانوں، قہوہ خانوں میں اخراجات کا تناسب 14 فیصد زیادہ رہا ( فوٹو ٹوئٹر)
سعودی سینٹرل بینک ساما نے اعداد وشمار کے حوالےسے بتایا کہ گزشتہ ہفتے تجارتی مراکز میں صارفین نے 11.3 فیصد اخراجات زیادہ کیے ہیں۔
الاقتصادیہ کے مطابق سعودی عرب میں صارفین نے 27 نومبر کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران 21 نومبر کو ختم ہونےوالے ہفتے کے مقابلے میں 11.3 فیصد زیادہ رقم خرچ کی ہے۔
سعودی سینٹرل بینک ساما نے بیان میں کہا کہ 27 نومبر کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران 9.42 ارب ریال خرچ کیے گئے جبکہ اس سے پہلے ہفتے کے دوران 8.46 ارب ریال خرچ کیے گئے تھے۔ 959 ملین ریال اس مرتبہ زیادہ خرچ کیے گئے۔
ہوٹل کا شعبہ 59.2 فیصد کے تناسب سے سب سے اوپر رہا۔ دوسرے نمبر پر تعلیم کا شعبہ رہا جس میں 93.6 ملین ریال خرچ کیے گئے۔ 35.5 فیصد زیادہ خرچ ہوئے ۔ زیورات پر 28.9 فیصد، ملبوسات اور جوتوں پر 24.2 فیصد زیادہ خرچ ہوا۔
ریستورانوں، قہوہ خانوں میں اخراجات کا تناسب 14 فیصد زیادہ رہا ہے۔
شہروں کی سطح پر ریاض 10.6 فیصد سے سب سے اوپر رہا۔ اہل ریاض نے 3.03 ارب ریال خرچ کیے۔ جدہ 1.5 ارب ریال پر دوسرے اور دمام 500.8 ملین ریال سے تیسرے نمبر پر رہا۔