Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز، شعیب ملک، عماد وسیم، سرفراز کو آرام دینے کا فیصلہ

بابر اعظم ٹی20 اور ون ڈے دونوں فارمیٹس میں قومی ٹیم کی قیادت کریں گے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کرکٹ بورڈ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم سیریز کے لیے قومی ٹیم کا اعلان کردیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے لیے شعیب ملک اور سرفراز احمد سمیت چند سینیئر کھلاڑیوں کو آرام دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
سیریز کے لیے فاسٹ بولر حسن علی اور سپننگ آل راؤنڈر عماد وسیم بھی ٹی20 اور ایک روزہ  میچز کا حصہ نہیں ہوں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف سلیکٹر محمد وسیم کا کہنا ہے کہ ’سینیئر کھلاڑیوں کو آرام کرنے کی ضرورت ہے۔‘
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جمعرات کو جاری کی گئی پریس ریلیز کے مطابق ان کا کہنا ہے کہ ’ہم اکتوبر سے ٹی20 کھیل رہے ہیں اور اب اچھی متوازن سائیڈ بن چکے ہیں، لہٰذا اب ہم نے عماد وسیم اور سرفراز احمد کو آرام دینے کا فیصلہ کیا ہے۔‘
ٹی20 ورلڈ کپ اور بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں جگہ نہ بنانے والے فاسٹ بولر محمد حسنین کو ٹیم میں شامل کرلیا گیا ہے۔
ویسٹ انڈیز کی ٹیم دورہ پاکستان میں تین ٹی20 میچز کھیلے گی جو 13، 14 اور 16 دسمبر کو کھیلے جائیں گے۔
دونوں ٹیمیں 18، 20 اور 22 دسمبر کو تین ون ڈے میچز میں مدمقابل ہوں گی۔
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی سیریز کے تمام میچز کراچی کے نیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔
پاکستان کا ٹی20 سکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔
پاکستان کے ٹی20 سکواڈ میں بابر اعظم (کپتان)، شاداب خان، آصف علی، فخر زمان، حیدر علی، حارث رؤف، افتخار احمد، خوش دل شاہ اور محمد حسنین شامل ہیں۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین ٹی20 اور تین ایک روزہ میچز کھیلے جائیں گے (فائل فوٹو: اے ایف پی)

محمد نواز، محمد رضوان، محمد وسیم جونیئر، شاہین شاہ آفریدی، شاہنواز دھانی اور عثمان قادر بھی ٹی20 سکواڈ کا حصہ ہوں گے۔
پاکستان کا ون ڈے سکواڈ 
پاکستان کے ون ڈے سکواڈ میں بابر اعظم (کپتان)، شاداب خان، آصف علی، فخر زمان، حیدر علی، حارث رؤف، افتخار احمد، امام الحق اور خوش دل شاہ کو شامل کیا گیا ہے۔
محمد نواز، محمد رضوان، محمد وسیم جونیئر، محمد حسنین،سعود شکیل،  شاہین شاہ آفریدی، شاہنواز دھانی اور عثمان قادر بھی ایک روزہ میچز کی سیریز میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

شیئر: