Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یو اے ای کا 50 واں قومی دن، ’تعلقات کی بھی گولڈن جوبلی‘

یو اے ای کے قومی دن کی مناسبت سے اسلام آباد میں تقریب کا اہتمام کیا گیا (فوٹو: اردو نیوز)
پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان بہترین برادرانہ تعلقات ہیں جو مشترکہ ورثے اور کثیر جہتی تعاون پر مبنی ہیں۔
جمعرات کو متحدہ عرب امارات کے 50 ویں قومی دن کے موقع پر اسلام آباد میں یو اے ای کے سفارت خانہ کے زیراہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم نہ صرف متحدہ عرب امارات کے اتحاد کی گولڈن جوبلی منا رہے ہیں بلکہ اس وقت پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان سفارتی تعلقات کو بھی 50 سال مکمل ہو گئے ہیں۔
تقریب میں پاکستان میں یو اے ای کے سفیر حمد عبید الزعابی، حکومتی حکام اور دیگر سفارت کاروں نے شرکت کی۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات نے جو فقیدالمثال ترقی کی ہے وہ متحدہ عرب امارات کے بانی شیخ زاید بن سلطان النہیان کی دور اندیش قیادت کے بغیر ممکن نہیں تھی۔
انہوں نے شیخ زاید بن سلطان النہیان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہیں پاکستان سے بہت لگاؤ ​​تھا۔ انہوں نے پاکستان میں بہت سے سماجی و اقتصادی منصوبوں میں ذاتی دلچسپی لی اور پاکستانی ورکرز کو متحدہ عرب امارات میں کام کرنے کا موقع دیا۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور یو اے ای کے درمیان بہترین برادرانہ تعلقات ہیں (فوٹو: اردو نیوز)

متحدہ عرب امارات میں ان کے جانشین رہنما شیخ زاید کے طے کردہ اعلیٰ معیارات کی پیروی کر رہے ہیں اور  پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط اور مستحکم کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عمران خان کے وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد پاکستان اور یو اے ای کے تعلقات مزید مضبوط ہوئے۔
وزیراعظم اور محمد بن زید النہیان کے بار بار ہونے والے دوروں نے ہمارے دوطرفہ تعلقات میں مزید وسعت پیدا کی ہے۔
وزیر خارجہ کے مطابق ’میں نے اور میرے ہم منصب نے اپنے قائدین کے فیصلوں کی پیروی کرنے کے لیے کئی بار ملاقات کی ہے۔ ہماری قریبی مشاورت کے نتیجے میں باہمی دلچسپی کے سیاسی، علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر بہتر تفہیم پیدا ہوئی۔ ہمارے تجارتی اور اقتصادی تعلقات بھی مضبوط ہو چکے ہیں۔‘

تقریب میں پاکستان میں یو اے ای کے سفیر حماد عبید ابراہیم الزابی سمیت دیگر حکومتی حکام اور سفارت کاروں نے شرکت کی (فوٹو: اردو نیوز)

متحدہ عرب امارات کی فاؤنڈیشن کی گولڈن جوبلی کے موقع پر، ہم ایکسپو 2020 کے کامیاب انعقاد پر بھی مبارک باد پیش کرتے ہیں۔
 متحدہ عرب امارات سے ہماری محبت کے اظہار کے طور پر پاکستان نے ایکسپو میں پرجوش انداز میں شرکت کی۔‘
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ صدر پاکستان نے ’پاکستان پویلین‘ کا افتتاح کرنے کے لیے متحدہ عرب امارات کا دورہ کیا جس نے سب سے زیادہ متحرک اور فعال پویلین ہونے کی وجہ سے بھرپور توجہ حاصل کی ہے۔

شیئر: