Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ابوظبی کے ولی عہد سے فرانسیسی صدر کی ملاقات، رافیل طیاروں کی خریداری کے لیے ڈیل

باہمی تعاون کو فروغ دینے  کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے( فوٹو وام)
ابو ظبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید آل نہیان سے جمعے کو فرانس کے صدر ایمانوئل میکخواں نے ملاقات کی ہے۔
امارات کی خبر رساں ایجنسی وام کے مطابق دونوں رہنماوں نے دوستانہ تعلقات، مشترکہ تعاون اور منفرد سٹریٹجک شراکت کے دائرے میں باہمی تعاون کو فروغ دینے  کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
دونوں رہنماوں نے خاص طور پر سرمایہ کاری، اقتصادی امور، جدید ٹیکنالوجی، توانائی اور خوراک میں خود کفالت کے علاوہ ثقافتی اور تعلیمی امور پر بھی بات چیت کی ہے۔
فریقین نے باہمی دلچسپی کے امور اورمسائل علاقائی اور بین الاقوامی حالات کا جائزہ لیا جبکہ مشرق وسطی کے حالات پر نکتنہ نظر کا تبادلہ خیال کیا ہے۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماوں نے امارات اور فرانس اور کے درمیان سٹریٹجک شراکت کے مختلف پہلووں کے استحکام کی خواہش ظاہر کی۔ انہوں نے امن اقدامات اور تنازعات کے ایسے حل کی حمایت پر اتفاق کیا جس کا مقصد خطے کے امن و استحکام کی بنیادوں کو مضبوط بنانا اورامن وترقی کے حوالے سے اقوام کی امنگوں کو پورا کرنا ہے۔
شیخ محمد بن زاید نے ٹویٹ کیا’ فرانس کے صدر کا خیر مقدم کرتے ہوئے خوشی ہوئی ہم نے دونوں ملکوں کےدرمیان طویل عرصے سے قائم دوستی اور سٹریٹجک تعاون پر نتیجہ خیرز بات چیت کی اور مختلف شعبوں میں شراکت پر دستخط  کی تقریب میں موجود رہے‘۔

 ایمانوئل میکخواں قطر اور سعودی عرب بھی جائیں گے(فوٹو وام)

ایمانوئل میکخواں نے اس حوالے سے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ’ امارات کے ساتھ 80 رافیل طیاروں اور 12 ہیلی کاپٹرو ں  کی ڈیل کی توثیق کی ہے۔ ہم سلامتی کی خاطر مل کر کام کررہے ہیں‘۔
عرب نیوز نے فرانس کے وزیر دفاع کے حوالے سے بتایا کہ امارات کے ساتھ  18.08 ارب ڈالر مالیت کے 80 رافیل طیاروں کی فروخت کےلیے ڈیل ہوئی ہے۔ یہ اسلحے کی خریداری کا سب سے بڑا سمجھوتہ ہے۔
فرانس کے وزیر برائے آرمڈل فورسز نے بھی اس ڈیل کو تاریخی قرار دیا تاہم امارات کی طرف سے اس حوالے سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔
 فرانس کے صدر ایمانوئل میکخواں نے جمعے کو خلیجی دورے کا آغاز امارت سے کیا ہے جہاں سے وہ قطر اور سعودی عرب بھی جائیں گے۔

شیئر: