Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈھاکہ ٹیسٹ: پاکستان کے دو وکٹوں کے نقصان پر 161 رنز

ڈھاکہ ٹیسٹ میں بنگلہ دیش کے محمود الحسن جوئے اپنا ڈیبیو کر رہے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی
بنگلہ دیش کے خلاف ڈھاکہ میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں پاکستان کے اوپنرز نے 59 رنز کی پارٹنرشپ کی جس کے بعد عبداللہ شفیق 25 رنز بنا کر تیج الاسلام کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔
اس کے بعد عابد علی بھی تیج الاسلام کا شکار بنے۔ انہوں نے 39 رنز سکور کیے۔
جب روشنی کم ہونے پر پہلے دن کے کھیل کا اختتام ہوا تو پاکستان نے دو وکٹوں کے نقصان پر 161 رنز بنا لیے تھے اور بابر اعظم 60 اور اظہر علی 36 رنز بناکر ناٹ آؤٹ تھے۔
قبل ازیں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 
سنیچر کو ٹاس جیتنے کے بعد  بابر اعظم نے کہا کہ ان کی ٹیم زیادہ رنز بنانے کی کوشش کرے گی اور اوپنرز کی کارکردگی کو آگے بڑھانے کی کوشش کریں گے۔
دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے بنگلہ دیش کی ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ چٹوگرام میں پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے یاسر علی، سیف حسن اور ابو جاوید کو ڈراپ کیا گیا ہے۔
ان کی جگہ ٹیم میں شکیب الحسن، خالد احمد اور محمود الحسن جوئے کو شامل کیا گیا ہے۔
ڈھاکہ ٹیسٹ میں محمود الحسن جوئے اپنا ڈیبیو کر رہے ہیں۔
پاکستان کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور پہلا ٹیسٹ جیتنے والی ٹیم ہی برقرار رکھی گئی ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان نے چٹوگرام ٹیسٹ میں بنگلہ دیش کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں ایک صفر کی  برتری حاصل کر رکھی ہے۔

شیئر: