Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سری لنکا نے دوسرے ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کو شکست دے دی، سپنرز کی 10 وکٹیں

ویسٹ انڈیز کا ایک بھی بلے باز نصف سینچری نہ بنا سکا (فوٹو اے ایف پی)
سری لنکا نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں کامیابی حاصل کر لی ہے۔ اس میچ میں سری لنکا کے دو سپنرز رامیش مینڈیس اور لیستھ ایمبودینیا نے تمام دس وکٹیں حاصل کیں۔
نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق میچ کے پہلے سیشن میں ویسٹ انڈیز کو 297 رنز کے ہدف کے تعاقب میں دو وکٹوں کا نقصان ہوا، لیکن لنچ کے بعد ایک کے بعد ایک وکٹ گرتی گئی۔
لنچ کے بعد ویسٹ انڈیز نے صرف 40 رنز بنائے اور اس کے آٹھ کھلاڑی آؤٹ ہو گئے۔
ویسٹ اندیز کی پوری ٹیم 132 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی اور سری لنکا کو 164 رنز سے فتح ملی۔
 ویسٹ انڈیز کا ایک بھی بلے باز نصف سینچری نہ بنا سکا اور صرف نکروما بونر نے زیادہ سے زیادہ 44 رنز بنائے۔
لنچ کے بعد ویسٹ انڈیز کی بیٹنگ لائن کو ہلانے میں اہم کردار سپنر رامیش مینڈس نے ایک ہی اوور میں تین وکٹیں حاصل کرکے ادا کیا۔ انہوں نے 70 رنز دے کر چھ وکٹیں لیں۔
رامیش مینڈس نے اس سیریز میں 18 وکٹیں لے کر ویسٹ انڈیز کو سب زیادہ نقصان پہنچایا۔ یہ ان کا چوتھا ٹیسٹ میچ تھا۔
سری لنکا کے کوچ مکی آرتھر نے کہا کہ ’رامیش مینڈس کی خوبی ہے کہ وہ گیند کو بہت سپن کرتے ہیں۔ ہم نے ان کی لائن اور لینتھ پر دھیان دیا اور انہوں نے اٹیک پر محنت کی۔ میرے خیال میں انہیں اسی چیز کا صلہ مل رہا ہے۔‘

رامیش مینڈس کو بہترین بولنگ پر پلیئر آف دی سیریز قرار دیا گیا (فوٹو اے ایف پی)

رامیش مینڈس کو پلیئر آف دی سیریز اور دھناجایا ڈی سلوا کو 155 رنز بنانے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ لیستھ ایمبودینیا نے بھی پانچ وکٹیں حاصل کیں۔
 اس میچ کے بعد آئی سی سی رینکنگ میں سری لنکا کی ٹیم ساتویں اور ویسٹ انڈیز آٹھویں پوزیشن پر پہنچ گئی۔

شیئر: