Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’جعلی بازو‘ پر ویکسین لگانے کی کوشش میں اطالوی شہری گرفتار

یورپی ممالک میں سفر کے لیے ہیلتھ پاسز لازمی قرار دیے جانے کے بعد پُرتشدد مظاہرے بھی ہوئے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین کا سرٹیفیکیٹ حاصل کرنے کے لیے ایک اطالوی شہری نے جعلی بازو پر ویکسین لگانے کی کوشش کی تاہم اس کو گرفتار کر لیا گیا۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق 50 برس کا اطالوی شہری ویکسین لگائے بغیر ویکسینیشن سرٹیفیکٹ حاصل کرنا چاہتا تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ شمال مغربی اٹلی میں اطالوی شہری جب ویکسین لگانے کے لیے پہنچا تو اس نے اپنے بازو پر سیلیکون لگایا ہوا تھا تاہم وہ نرس کو چکمہ نہ دے سکے اور ان کو پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔
اٹلی کے روزنامے ’لا ریپبلکا‘ سے بات کرتے ہوئے نرس فیلیپا بوا نے کہا کہ جب انہوں نے اس شخص کی آستین اوپر کی تو ان کو محسوس ہوا کہ ان کے بازو کی جلد اصلی نہیں ہے۔
جمعرات کو اٹلی میں کورونا وائرس کے 16 ہزار 800 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ 72 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
جعلی بازو پر ویکسین لگانے کا واقعہ ایسے وقت میں سامنے آیا جب ان لوگوں کے لیے قوانین کو سخت کیا گیا جنہوں نے ابھی تک کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین نہیں لگوائی۔  
یورپ اور امریکہ میں بھی کچھ افراد ویکسینیشن کے خلاف ہیں اور وہ ویکسین لگوانے سے کترا رہے ہیں۔
کورونا وائرس کی نئی پابندیوں کے خلاف یورپ میں مظاہرے بھی ہو رہے ہیں۔
ہزاروں افراد اٹلی، بیلجیئم، برسلز اور چیک ریپبلک میں نئی پابندیوں کے خلاف سڑکوں پر نکلے ہیں۔
گذشتہ چھ مہینوں میں بہت سے ممالک میں سفر کے لیے ہیلتھ پاسز لازمی قرار دیے جانے کے بعد پُرتشدد مظاہرے بھی دیکھنے میں آئے۔ ان پاسز کے بغیر ریستورانوں، تفریح گاہوں میں داخلے اور بسوں میں سفر پر پابندی عائد کی گئی تھی۔

شیئر: