Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شہری کی ہلاکت،’عمران خان انصاف کی فراہمی یقینی بنائیں گے‘

سری لنکن حکومت نے سیالکوٹ واقعے کو ہولناک قرار دیا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
سری لنکا کے وزیراعظم اور صدر نے پاکستان کے شہر سیالکوٹ میں ہجوم کے ہاتھوں اپنے شہری پرینتھا کمارا کی ہلاکت پر شدید صدمے اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور حکومت پاکستان انصاف کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔
سنیچر کو سری لنکن وزیراعظم اور صدر نے واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کا کہا کہ وہ یقین رکھتے ہیں کہ وزیراعظم عمران خان پاکستان میں موجود سری لنکن ورکرز کی حفاظت کو یقینی بنائیں گے۔
سری لنکا کے وزیراعظم مہندا راجاپکسا نے اپنے ٹوئٹر بیان میں سیالکوٹ میں اپنے شہری پرینتھا کمارا کی ہجوم کے ہاتھوں ہلاکت کو ہولناک واقعہ قرار دیا ہے۔
سنیچر کو اپنی ٹویٹ میں ان کا مزید کہنا تھا کہ ’میری ہمدردیاں ہلاک ہونے والے سری لنکن شہری کی بیوہ اور فیملی کے ساتھ ہیں۔‘
’سری لنکا اور اس کے عوام یقین رکھتے ہیں کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان اپنے وعدے پر عمل کرتے ہوئے ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے۔‘
سری لنکا کے صدر گوتابایا راجاپکسا نے ٹوئٹر بیان میں سیالکوٹ واقعے پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ’وزیراعظم پاکستان عمران خان انصاف کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’انہیں توقع ہے کہ وزیراعظم عمران خان پاکستان میں موجود سری لنکن ورکرز کے تحفظ کو یقینی بنائیں گے۔‘
سیالکوٹ میں ہجوم کے ہاتھوں سری لنکن شہری کی ہلاکت پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل، ہیومن رائٹس واچ سمیت عالمی اداروں نے بھی اس بہیمانہ قتل کی مذمت کی ہے۔
اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے کی جانب سے واقعے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ’ہم سیالکوٹ فیکٹری میں پیش آنے والے واقعے پر بہت افسردہ ہیں۔‘
’ہم متعلقہ حکام پر زور دیتے ہیں کہ وہ تحقیقات کر کے اس المناک اور غیر قانونی واقعے میں ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے۔‘
جمعے کو سیالکوٹ میں مشتعل ہجوم نے سری لنکن فیکٹری مینیجر پرینتھا کمارا کو توہین مذہب کے الزام میں قتل کردیا تھا اور ان کی نعش کو آگ لگا دی تھے۔
سیالکوٹ پولیس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ واقعے میں ملوث دو مرکزی ملزمان سمیت 100 سے زائد افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے جن سے تفتیش کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب پنجاب حکومت نے واقعے کی ابتدائی رپورٹ وزیراعظم عمران خان کو بھجوا دی ہے۔
اس واقعے کے حوالے سے پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سنیچر کو ایک ٹوئٹر بیان میں کہا کہ ’سیاسی قیادت اور پاکستانی قوم سری لنکن شہری کے قتل کی شدید مذمت کرتی ہے۔‘
’ہم متاثرہ فیملی، سری لنکن حکومت اور عوام سے افسوس کا اظہار کرتے ہیں اور یقین دلاتے ہیں کہ ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لائیں گے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’ہمارے مذہب اور ملک میں اس طرح کے واقعات کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔‘

ہم نے معاشرے میں ٹائم بم لگا دئیے ہیں ان بموں کو ناکارہ نہ کیا تو وہ پھٹیں گے: فواد چودھری

دوسری جانب وفاقی وزیراطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ ’ہم نے معاشرے میں ٹائم بم لگا دئیے ہیں ان بموں کو ناکارہ نہ کیا تو وہ پھٹیں گے ہی اور کیا کریں گے، وقت ریت کی طرح ہاتھوں سے نکل رہا ہے بہت توجہ چاہئے بہت توجہ۔۔۔۔۔‘
سنیچر کو ٹوئٹر پر جاری ایک بیان میں وفاقی وزیراطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ ’کل سے سوچ رہا تھا کہ سیالکوٹ واقعہ پر کیا لکھوں لفظ تو بے عمل ہو گئے ہیں، ایسے واقعات صرف 48 گھنٹے ہمیں تکلیف دیتے ہیں پھر سب نارمل ہو جاتا ہے اور تب تک احساس دفن رہتا ہے جب تک اگلا واقعہ نہ ہو یہ بے حسی بڑے طوفان کا پیش خیمہ ہے ہمارے سامنے ملکوں میں خون کے دریا بہ گئے۔‘

شیئر: