Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سرگودھا: توہین مذہب کی آڑ میں بینک مینیجر کا قتل، ملزم گارڈ کو دو بار سزائے موت

چار نومبر 2020 کو نیشنل بینک قائد آباد کے برانچ مینیجر ملک عمران حنیف اعوان کو سکیورٹی گارڈ احمد نواز نے فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا (فوٹو: پکسابے)
سرگودھا کی دہشت گردی کی ایک عدالت نے توہین مذہب کا الزام لگا کر قتل کیے گئے نیشنل بینک کے مینیجر ملک عمران حنیف اعوان کے مقدمے میں ملزم سکیورٹی گارڈ کو دو بار سزائے موت سنا دی۔
سرگودھا کے سپیشل جج انسداد دہشت گردی خاور رشید نے توہین مذہب کا الزام ثابت نہ ہونے پر بدھ کے روز مقدمے کا فیصلہ سنایا۔
فیصلے کے مطابق ملزم سکیورٹی گارڈ احمد نواز سوھا کو مجموعی طور پر دو بار سزائے موت سنائی گئی ہے۔
اس کے علاوہ عدالت نے ملزم کو 12 سال قید اور 11 لاکھ 50 ھزار روپے جرمانے کی سزا بھی سنائی۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ’سکیورٹی گارڈ نے ذاتی رنجش کی بنیاد پر بینک مینيجر کو قتل کيا۔ گارڈ کی جانب سے مقتول پر لگایا گیا توہين مذہب کا الزام ثابت نہيں ہوا۔‘
تفصیلات کے مطابق نیشنل بینک قائد آباد کے برانچ مینیجر ملک عمران حنیف اعوان ساکن آصف ٹاؤن جوھرآباد کو چار نومبر 2020 کو اپنے ہی بینک کے سکیورٹی گارڈ احمد نواز ولد خان محمد سوھا ساکن بندیال نے توہین اسلام کا الزام لگا کر فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔
سرگودھا پولیس کے مطابق ’ملزم احمد نواز نے بینک مینیجر ملک حنیف اعوان کو ان کے دفتر میں ہی فائرنگ کرکے قتل کر دیا تھا اور اس واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی موجود ہے۔‘
پولیس کے مطابق ’ملزم نے مقتول کو تین گولیاں ماریں جس پر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔‘
واقعے کا مقدمہ قتل اور دہشت گردی کی دفعات کے تحت تھانہ قائد آباد سرگودھا میں درج کیا گیا تھا۔
اس مقدمے کی سماعت سرگودھا میں انسداد دھشت گردی کی عدالت میں ھوئی۔ جرم ثابت ھونے پر بدھ کو عدالت کے جج خاور رشید نے فیصلہ سنایا۔

شیئر: