Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیراعظم کا سری لنکن صدر سے رابطہ، ’ملزمان کو سخت سزا دی جائے گی‘

پولیس نے 13 مرکزی ملزمان سمیت 118 افراد کو حراست میں لیا ہے (فوٹو: پنجاب پولیس)
وزیراعظم عمران خان نے سری لنکا کے صدر گوتابایا راجا پاکسا سے متحدہ عرب امارات میں ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔
وزیر اعظم عمران خان نے سری لنکن صدر کو شہری پریا نتھا کمارا کے سیالکوٹ میں قتل کے حوالے سے قوم میں پائے جانے والے غم و غصے سے آگاہ کیا ہے۔
وزیر اعظم عمران خان نے سری لنکن صدر کو یقین دلایا ہے کہ واقعے میں ملوث افراد کو قانون کے تحت سخت سزا دی جائے گی۔
سنیچر کی شام سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیر اعظم عمران خان نے پیغام میں بتایا کہ ’ سیالکوٹ میں پریانتھا دیاوا دنا کے گھناؤنےقتل پرسری لنکن عوام کےحوالےسےقوم میں پائےجانےوالےغم وغصےاور ندامت کےاظہارکیلئےمیں نےآج صدر گوتابایا راجا پاکسا سے متحدہ عرب امارات میں بات کی۔
انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ ’ انہیں آگاہ کیا کہ سو سے زائد افراد گرفتار کیے جا چکے ہیں اور یہ یقین دلایا کہ ان سے قانون کےتحت نہایت سختی سےنمٹا جائیگا۔
یاد رہے سیالکوٹ میں وزیرآباد روڈ پر ایک نجی فیکٹری کے ورکرز نے توہین مذہب کے الزام میں ایک فیکٹری کے غیر مسلم غیر ملکی مینیجر پرانتھا کمارا کو تشدد کرکے قتل کیا اور آگ لگا دی تھی۔
قبل ازیں سری لنکا کے وزیراعظم اور صدر نے پاکستان کے شہر سیالکوٹ میں ہجوم کے ہاتھوں اپنے شہری پرینتھا کمارا کی ہلاکت پر شدید صدمے اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور حکومت پاکستان انصاف کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔
سنیچر کو سری لنکن وزیراعظم اور صدر نے واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کا کہا کہ وہ یقین رکھتے ہیں کہ وزیراعظم عمران خان پاکستان میں موجود سری لنکن ورکرز کی حفاظت کو یقینی بنائیں گے۔
سری لنکا کے وزیراعظم مہندا راجاپکسا نے اپنے ٹوئٹر بیان میں سیالکوٹ میں اپنے شہری پرینتھا کمارا کی ہجوم کے ہاتھوں ہلاکت کو ہولناک واقعہ قرار دیا ہے۔
سنیچر کو اپنی ٹویٹ میں ان کا مزید کہنا تھا کہ ’میری ہمدردیاں ہلاک ہونے والے سری لنکن شہری کی بیوہ اور فیملی کے ساتھ ہیں۔‘
’سری لنکا اور اس کے عوام یقین رکھتے ہیں کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان اپنے وعدے پر عمل کرتے ہوئے ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے۔‘
سری لنکا کے صدر گوتابایا راجاپکسا نے ٹوئٹر بیان میں سیالکوٹ واقعے پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ’وزیراعظم پاکستان عمران خان انصاف کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’انہیں توقع ہے کہ وزیراعظم عمران خان پاکستان میں موجود سری لنکن ورکرز کے تحفظ کو یقینی بنائیں گے۔‘
سیالکوٹ میں ہجوم کے ہاتھوں سری لنکن شہری کی ہلاکت پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

شیئر: