Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

روسی ویکسین سپوتنک اور سائنو ویک لگوانے والے بھی سعودی عرب آ سکیں گے

عودی عرب ان 100 سے زائد ممالک میں شامل ہو گیا ہے جو سپوتنک وی ویکسین لگوانے والے مسافروں کو داخلے کی اجازت دے رہے ہیں۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
سعودی عرب کے محکمہ صحت عامہ ’وقایہ‘ نے کہا ہے کہ مملکت آنے والوں کو مزید سہولت دی گئی ہے۔ کچھ ایسی ویکسینیں لگوانے والوں کو بھی سعودی عرب آنے کی اجازت دی گئی ہے جو اب تک منظور شدہ ویکسینوں میں شامل نہیں تھیں۔
اخبار 24 کے مطابق محکمہ صحت عامہ کا کہنا ہے کہ ’روسی ویکسین سپوتنک وی کی دو خوراکیں حاصل کرنے والوں کو حج عمرہ اور مختصر وزٹ ویزے پر آنے کی اجازت دی گئی ہے۔ اس پرعملدرآمد یکم جنوری 2022 سے ہوگا‘۔
جبکہ چینی ویکسن سائنو ویک اور سائنو فام کی دونوں خوراکیں حاصل کرنے والوں کو یکم دسمبر سے مملکت آنے کی اجازت ہے۔
محکمہ صحت عامہ کا کہنا ہے کہ ’مملکت کے سفر پر روانہ ہونے سے قبل ’قدوم‘ پلیٹ فارم پر وزیٹر کو اندراج کرانا ہوگا‘۔ 
علاوہ ازیں سفر کے وقت ایئرلائن کو آن لائن یا دستاویز کی صورت میں ویکسین لینے کا ثبوت پیش کرنا ہوگا۔
سعودی محکمہ صحت عامہ نے اپنی ویب سائٹ پر منظور شدہ کورونا ویکسینوں کی فہرست کو بھی اپ ڈیٹ کیا ہے جس میں چینی اور روسی ویکسین کے نام شامل ہیں۔
سعودی عرب نے ایئرلائنز پر پابندی عائد کی ہے کہ اپنے کسی بھی مسافر کو بورڈنگ پاس جاری کرنے سے قبل ویکسین کے اندراج کی کارروائی مکمل کرانے کے بارے میں اطمینان حاصل کرلے۔
قبل ازیں روس کے براہ راست سرمایہ کاری فنڈ (RDIF) نے اتوار ایک بیان میں کہا تھا کہ سعودی عرب نے دیگر ممالک سے سپوتنک وی ویکسین لگوا کر آنے والوں کو مملکت میں داخلے کی اجازت دی ہے۔
کورونا کی روسی ساختہ ویکیسن ’سپوتنک فائیو‘ کی ویب سائٹ پر کہا گیا ہے کہ ’سعودی عرب ان 100 سے زائد ممالک میں شامل ہو گیا ہے جو سپوتنک فائیو ویکسین لگوانے والے مسافروں کو داخلے کی اجازت دے رہے ہیں۔‘
جن لوگوں کو مملکت میں داخل ہونے پر سپوتنک فائیو کی ویکسین لگائی گئی، انہیں 48 گھنٹے کے قرنطینہ سے گزرنا اور پی سی آر ٹیسٹ کروانا ہوگا۔

شیئر: