Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کامران اکمل نے پی ایس ایل 2022 کھیلنے سے کیوں انکار کیا؟

کامران اکمل پی ایس ایل کے ٹاپ سکورر رہے ہیں (فوٹو: ویڈیو گریب)
پاکستان سپر لیگ میں اپنی ٹیم پشاور زلمی کی جانب سے ٹاپ سکورر بیٹر رہنے والے کامران اکمل نے ایونٹ سے دستبرداری کا اعلان کر دیا ہے۔
اپنے یوٹیوب چینل پر اعلان میں کامران اکمل نے پی ایس ایل 2022 کی ڈرافٹنگ سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایونٹ سے دستبردار ہو رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ زلمی کے ساتھ بہت زیادہ انجوائے کیا، کھلاڑیوں، انتظامیہ ہر موقع پر کرکٹ کو دیانت سے کھیلا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کیٹیگری کو پرفارمنس کی بنیاد پر اوپر نیچے کیا جاتا ہے۔ اگر انہیں لگا کہ پرفارمنس اچھی نہیں تو نیچے کر دیا ہو گا۔ لیکن اعدادوشمار بتاتے ہیں کہ میں نے کیسا پرفارم کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں توقع نہیں کر رہا تھا میری کیٹیگری پلاٹینم سے گولڈ کر دی جائے گی، ڈرافٹنگ سے پہلے اکرم بھائی نے رابطہ کر کے بھی کہا کہ ہم کوشش کر رہے ہیں کہ آپ کو گولڈ میں پک کر لیں۔
ایونٹ سے متعلق اپنے عزائم کا اظہار کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پشاور زلمی کے انتخاب کا شکریہ لیکن میرے خیال میں اس کیٹیگری میں کھیلنے کا میرا حق نہیں بنتا ہے۔ مجھے سلور کیٹیگری میں نہیں کھیلنا چاہیے۔ 
انہوں نے مزید کہا کہ ’آپ پلیز مجھے ریلیز کر دیں، میں اس کیٹیگری میں کھیلنا ڈیزرو نہیں کرتا، کسی اور کو کھلا لیں وہ زیادہ بہتر ہے۔‘
پشاور زلمی کے فیصلے کے پس پردہ موجود عوامل کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے مینٹور یا برانڈ امبیسیڈر بنانے کا کہتے ہوئے کہا گیا کہ پیسے گولڈ کے ہی دیں گے لیکن میرا خیال ہے کہ مجھے ایسے نہیں کھیلنا چاہیے۔
کامران اکمل ان چند کھلاڑیوں میں سے ہیں جو اب تک ہونے والے پی ایس ایل کے تمام چھ ایڈیشنز میں شریک رہے ہیں۔
اتوار کو پی ایس ایل 2022 کے ڈرافٹ کا عمل ہوا تھا جس میں گزشتہ سیزن نہ کھیل سکنے والے عمر اکمل کو بھی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے سلور کیٹیگری میں منتخب کیا ہے۔
کامران اکمل کے اعلان پر ردعمل ظاہر کرنے والے صارفین میں سے کچھ نے ایسا نہ کرنے کی اپیل کی تو کچھ نے ان کے اس فیصلے کو درست اور بروقت قرار دیا۔

شیئر: