Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ویسٹ انڈیز کو 7 وکٹوں سے شکست، پاکستان کا ٹی20 سیریز میں کلین سویپ

شمارا بروکس 49 رنز بنانے کے بعد شاہنواز دھانی کی بال پر افتخار احمد کو کیچ دے بیٹھے (فوٹو: اے ایف پی)
تیسرے اور آخری ٹی20 میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز تین صفر سے جیت لی۔
نیشنل کرکٹ سٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے صرف تین وکٹوں کے نقصان پر 208 رنز کا ہدف 19 ویں اوور کی آخری گیند پر حاصل کرلیا۔
پاکستان کی جانب سے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان نے صرف 45 گیندوں پر 87 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ ڈومینِک ڈریکس کی بال پر نکولس پوران نے ان کا کیچ لیا۔
محمد رضوان ٹی20 کے کیلنڈر ایئر میں سب سے زیادہ یعنی دو ہزار رنز مکمل کرنے والے پہلے کھلاڑی بھی بن گئے ہیں۔
کپتان بابر اعظم 53 گیندوں پر 79 بنانے کے بعد بڑی شاٹ کھیلتے ہوئے باؤنڈری پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ سمتھ کی بال پر شیفرڈ نے ان کا کیچ لیا۔
جارح مزاج بلے باز آصف علی نے صرف سات گیندوں پر 21 رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں دو چھکے اور دو چوکے شامل تھے۔ فخر زمان صرف 12 رنز بنانے کے بعد کیچ آؤٹ ہوگئے۔ 
شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے پر محمد رضوان کو میچ اور سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
اس سے قبل ویسٹ انڈیز نے تیسرے اور آخری ٹی20 میچ میں پاکستان کو جیت کے لیے 208 رنز کا ہدف دیا تھا جبکہ اس کے تین کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔
یہ نیشنل کرکٹ سٹیڈیم کراچی میں کسی بھی ٹیم کی جانب سے ٹی20 میچ میں دیا جانے والا سب سے بڑا ہدف تھا۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے نکولس پوران سب سے زیادہ 64 رنز بنانے کے بعد وسیم جونیئر کی گیند پر آؤٹ ہوگئے، محمد نواز نے ان کا کیچ لیا۔
شمارا بروکس 49 رنز بنانے کے بعد شاہنواز دھانی کی بال پر افتخار احمد کو کیچ دے بیٹھے۔

کپتان بابر اعظم 53 گیندوں پر 79 بنانے کے بعد بڑی شاٹ کھیلتے ہوئے باؤنڈری پر کیچ آؤٹ ہوگئے (فوٹو: اے ایف پی)

برینڈن کنگ 21 گیندوں پر 43 رنز بنانے کے بعد وسیم جونیئر کی بال پر آؤٹ ہوگئے۔ ان کی اننگز میں 7 چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔
پاکستان کی جانب سے وسیم جونیئر نے 4 اوورز میں 44 رنز دے کر دو جبکہ شاہنواز دھانی نے 4 اوورز میں 23 رنز کے عوض ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔
پاکستان نے تیسرے ٹی20 میچ کے لیے ٹیم میں دو تبدیلیاں کی تھیں، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف کو آرام دیا گیا اور ان کی جگہ شاہنواز دھانی اور محمد حسنین کو شامل کیا گیا۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون
پاکستان کی ٹیم میں بابراعظم، محمد رضوان، افتخار احمد، فخر زمان، حیدر علی، آصف علی، شاداب خان، محمد وسیم جونیئر، محمد نواز، شاہنواز دھانی اور محمد حسنین شامل تھے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے شیفرڈ، ڈریکس اور سمتھ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا (فوٹو: اے ایف پی)

واضح رہے کہ تیسرے ٹی20 میچ سے قبل جمعرات کو یہ خبر سامنے آئی کہ پاکستان کے دورے پر موجود مہمان ٹیم کے مزید تین کھلاڑی اور مینجمنٹ کے دو ارکان کورونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں۔
ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے بھی تصدیق کی کہ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹسمین شائی ہوپ، لیفٹ آرم سپنر اکیل حسین اور آل راؤنڈر جسٹن گریوز کے پی سی آر ٹیسٹ مثبت آئے ہیں اور اب وہ قرنطینہ میں ہیں۔
یاد رہے کہ ویسٹ انڈیز کے 9 کھلاڑیوں اور ٹیم آفیشلز کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان 18 دسمبر سے شروع ہونے والی ون ڈے سیریز ملتوی کردی گئی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے سیریز ملتوی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا کہ اب یہ سیریز جون 2022 میں کھیلی کی جائے گی۔

شیئر: